ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے بھی شہریوں سے لوٹ مار اور تشدد کو معمول بنا لیا

ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے بھی شہریوں سے لوٹ مار اور تشدد کو معمول بنا لیا

لاہور(خبرنگار) ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے شہریوں سے لوٹ مار اور بوگس مقدمات میں ملوث کرنے کے لئے نیا طریقہ ڈھونڈ لیا ہے، ناکہ بندی کر کے موٹر سائیکل سواروں روک کر تلاشی کے بہانے لوٹ مار اور تشدد کوبھی معمول بنا لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تھانوں کی پولیس کے شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک اور بلاجواز تشدد کے واقعات کی روک تھام کے لئے کروڑوں روپے کے پراجیکٹ سے قائم کی گئی نئی فورس ’’ ڈولفن سکواڈ اورپیروسکواڈ‘‘ کے اہلکار بھی شہریوں سے لوٹ مار کرنے لگے ہیں اور شہریوں کو جان و مال کا تحفظ فراہم کرنے کے لئے بنائی گئی تربیت یافتہ ’ ’ڈولفن سکواڈ‘‘ نے بھی شہریوں پر بلاوجہ تشدد اور لوٹ مار سمیت بوگس مقدمات میں ملوث کرنے جیسے طریقے اپنا لئے ہیں ۔ سٹی ڈویژن کے شفیق آباد سرکل میں تعینات ڈولفن فورس کے اہلکاروں علی شان اور فیصل کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ انہوں نے اپنی موٹر سائیکلوں کے باکس میں شراب اور چرس رکھی ہوتی ہے اور اصل ملزمان کے خلاف کارروائی کر کے مقدمات درج کرنے کے بجائے موٹر سائیکلوں پر اپنی فیملی اور عمر رسیدہ والدین کے ساتھ جانے والے شہریوں کو بلیک میل کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔یہ اہلکار لوگوں کو چرس اور شراب پکڑا دیتے ہیں اور ساتھ ہی اپنے موبائل سے تصویریں اتار کر افسران کے سامنے کارروائی ڈالتے ہیں۔ گزشتہ چند دنوں سے کریم پارک، پرانا راوی روڈ اور گردونواح کے علاقہ میں ڈولفن فورس کے ان اہلکاروں نے اندھیر نگری مچا رکھی ہے جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔ شہریوں کا کہناہے کہ ڈولفن کے اہلکار موٹر سائیکل سوار کو روکتے ہی اسلحہ تان لیتے ہیں اور دوسرا اہلکار تصویریں اتارنا شروع کر دیتا ہے اور ساتھ ہی بدتمیزی اور تشدد پر اتر آتے ہیں اور کسی قسم کا تعارف کروانے یا شریف شہری ہونے کے ناطے احتجاج کرنے پر الٹاتشدد کرتے ہوئے تھانے لے جاتے ہیں اور وہاں پر تھانہ کے محرر اور دیگر اہلکار بھی ان کے ساتھ مل کر تشدد کرتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب،آئی جی اور سی سی پی او لاہور کو نوٹس لینا چاہئے ۔ اس حوالے سے ڈولفن فورس کے اہلکاروں علی شان اور فیصل کا کہنا ہے کہ شہری روکنے پر بدتمیزی کرتے ہیں جس پر تھوڑی بہت مارپیٹ کرنا پڑتی ہے جبکہ ایس پی ڈولفن ندیم کھوکھر سے رابطے کی کوشش کی گئی تو ان سے بات نہ ہو سکی۔

ڈولفن فورس

مزید : علاقائی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...