سیاسی اور معاشی دہشتگرد دولت کے بل بوتے پر الیکشن کو یرغمال بناتے ہیں: سراج الحق

سیاسی اور معاشی دہشتگرد دولت کے بل بوتے پر الیکشن کو یرغمال بناتے ہیں: سراج ...

لاہور(خصوصی رپورٹ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سرا ج الحق نے کاہے کہ جن لوگوں کاآڈٹ ہونا چاہیے ان کوسینے سے لگانا اور پارٹیوں میں عہدے دینا سیاست اور جمہوریت کے ساتھ بدترین مذاق ہے ۔ سیاسی جماعتیں ان سیاسی یتیموں کو پناہ دے رہی ہیں جن کی وجہ سے سابقہ حکومتیں بدنام اور ناکام ہوئیں ۔ یہ سیاسی اور معاشی دہشتگردہیں جو دولت کے بل بوتے پر الیکشن کو یرغمال بناتے ہیں اور پھر اقتدار کے ایوانوں پر قابض ہو کر قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹتے ہیں لیکن اب متحدہ مجلس عمل ان کی لوٹ مار کی سیاست کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کردے گی ۔ ہم اقتدار میں آ کر لٹیروں کا محاسبہ کریں گے اور ان سے قوم کی لوٹی ہوئی دولت کی پائی پائی وصول کریں گے ۔ اب یہ لٹیرے جس پارٹی میں بھی جائیں گے انہیں عوام ووٹ اور سپورٹ نہیں دیں گے ۔ عوام ان کے چہروں اور کرتوتوں کو اچھی طرح پہچان چکے ہیں اب ان کو امریکی اسٹیبلشمنٹ بھی نہیں بچا سکے گی ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے متحدہ مجلس عمل پنجاب کی طرف سے مقامی ہوٹل میں اپنے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرجماعت اسلامی اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ، امیر جماعت اسلامی و صدر متحدہ مجلس عمل پنجاب میاں مقصود احمد ، ڈاکٹر جاوید اختر ، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد، مولانا محمد امجد خان اور سبطین سبزواری بھی موجود تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ عام شہری موجودہ سیاست اور سیاسی نظام سے بے زار ہیں ۔ جن لوگوں نے یہ ظلم و جبر اور استحصالی نظام مسلط کیاہے وہ ہر حال میں اقتدار پر قابض رہنا چاہتے ہیں ۔ نام نہاد جمہوریت ہو یا مارشل لاء ، یہی چند خاندان اقتدار میں ہوتے ہیں اور انہی کی وجہ سے ملک و قوم مسائل کی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں ۔ غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری ، بدامنی اور لوڈشیڈنگ جیسے مسائل کے یہی لوگ ذمہ دار ہیں اور ان کی وجہ سے یہ ہی عوام آئی ایم ایف کی ہتھکڑیوں میں جکڑے ہوئے ہیں ۔ ان لوگوں نے اتنے قرضے لیے کہ اب ان کا سود ادا کرنا بھی مشکل ہوچکاہے ۔

مزید : صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...