سندھ شدید گرمی کی لپیٹ میں، کراچی کو لوڈ شیڈنگ، پانی بحران کا سامنا، تعلیمی اداروں میں چھٹیاں

سندھ شدید گرمی کی لپیٹ میں، کراچی کو لوڈ شیڈنگ، پانی بحران کا سامنا، تعلیمی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (مانیٹر نگ ڈیسک )کراچی سمیت سندھ کے کئی اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں جب کہ محکمہ موسمیات نے صوبے میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سمندری ہوائیں بند ہوگئیں جب کہ 3 بجے تک درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں شدید گرمی کی لہر مزید چند روز برقرار رہے گی جس کے پیش نظر پیر، منگل اور بدھ کو 'ہیٹ ویو' شدید ترین ہوگی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق نواب شاہ، بدین، دادو، لاڑکانہ، اور سکھر سمیت سندھ کے کئی شہروں میں بھی موسم شدید گرم ہے جہاں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ بلوچستان اور پنجاب کے میدانی علاقے بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ آج مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، راولپنڈی ڈویڑن، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے۔شہری ہیٹ ویو سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے بلاضرورت گھروں سے باہر نا نکلیں اور اگر گھر سے نکلیں تو سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔ عوام شدید گرمی میں ہلکے رنگ اور ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہنیں جو گرمی کے احساس میں کمی کے لیے مددگار ہوتے ہیں۔

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )شہر قائد میں بجلی فراہم کرنے والے ادارے 'کے الیکٹرک' کے دعوے کے باوجود لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک کی جانب سے کہا گیا تھا کہ بن قاسم پاور پلانٹ کی مرمت 20 مئی تک مکمل ہو جائے گی جس کے بعد بجلی کی فراہمی میں بہتری آنے کی امید ہے۔ مختلف علاقوں شیر شاہ، بلوچ پاڑہ، نارتھ کراچی، کورنگی پی اینڈ ٹی کالونی اور گلستان جوہر بلاک 13 میں سحری کے اوقات میں بجلی غائب رہی جس کے باعث شہریوں نے اندھیرے میں سحری کی۔ بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل بندش کے باعث شہر میں پانی کا بحران بھی شدت اختیار کرگیا ہے، پانی نہ ہونے کے خلاف نارتھ ناظم آباد، ڈی سی آفس کے باہر شہریوں نے احتجاج کیا اور انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔دریں اثناکے الیکٹرک نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے مزید تین دن کی مہلت مانگ لی ہے۔ اس سے قبل بھی کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے 3 روز کی مہلت مانگی گئی تھی جس میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن تین روز کے بعد آج دوبارہ تین روز کی مہلت طلب کی گئی ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -