پاک فوج ملکی سلامتی کی جنگ لڑ رہی ہے، محمد بلال صابر
لاہور (پ ر) فریڈم فورم انٹر نیشنل کے رابطہ سیکرٹری اور پاکستان فریڈم موومنٹ پارٹی کے میڈیا کو ارڈینیٹر محمد بلال صابر نے کہا ہے کہ افواج پاکستان ملکی بقا ، سلامتی اورآنے والی نسلوں کے مستقبل کومحفوظ بنانے کیلئے دہشت گردوں کیخلاف جنگ لڑرہی ہے ،پاک فوج کے آفیسرز اور سپاہی اپنے خون سے پاکستان کی آبیاری کر رہے ہیں شہدا ء کے خون سے پاک سر زمین کی بنیادیں مضبوط ہو رہی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پی ایف ایم کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے کامیابی کے ساتھ جاری ’’آپریشن ردُالفساد‘‘ کی وجہ سے ملک بھر میں دہشت گردی کرنے والی تنظیموں ، گروہوں،ان کے سہولت کاروں ، سرپرستوں اورفنانسرزکا قلع قمع ہورہا ہے،پاک فوج اور سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے ذریعے پاکستان میں جلد ہی امن کا سورج طلوع ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کی عزم و ہمت ، انتھک کوششوں اور بے مثال قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اورپوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کیساتھ کھڑی ہے ، نوجوان نسل پاک فوج کے جوانوں کی شہادتوں کو مشعل راہ بنائیں اور اپنے اندر ملک کی حفاظت کی خاطر دشمن سے لڑنے کا جذبہ پیدا کریں ۔