ڈگری کالج کا قیام سابقہ دور کا کارنامہ ہے‘ محمد علی شاہ

ڈگری کالج کا قیام سابقہ دور کا کارنامہ ہے‘ محمد علی شاہ

سخاکوٹ( نمائندہ پاکستان) صوبائی اسمبلی میں پی پی پی کے پارلیمانی لیڈر سید محمد علی شاہ باچہ نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر مشتاق غنی یونین کونسل کوٹ میں ڈگری کالج کے افتتاح سے قبل کالج کے سامنے لگے دو سال پہلے ہونے والے افتتاحی بورڈپر نظر ڈالتے تو یقینأ ڈگری کالج کا دوبارہ افتتاح نہ کرتے ۔ شائد صوبائی وزیر کو اس بات سے بھی لا علم رکھا گیا ہے کہ یونین کونسل کوٹ میں ڈگری کالج پی پی پی اور اے این پی کے گذشتہ صوبائی دور حکومت کا مشترکہ کارنامہ ہے ۔ صوبائی وزیر برائے ہائیر ایجوکیشن مشتاق غنی کے ہاتھوں کوٹ ڈگری کالج کے دوبارہ افتتاح پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے پی پی پی کے ممبر صوبائی اسمبلی سید محمد علی شاہ باچہ نے کہا کہ مذکورہ کالج کا افتتاح دو سال پہلے میں نے متعلقہ محکمے، علاقے کے عوام ، منتخب بلدیاتی نمائندوں اور میڈیا کے موجودگی میں کیاتھا اور پی ٹی آئی حکومت کا اس میں ایک فیصد کردار بھی نہیں ہے ۔ ایم پی اے نے کہا کہ صوبائی وزیر نے ضلع ناظم ، تحصیل ناظم ، علاقائی ایم پی اے ، علاقائی عمائدین اور دیگر سرکاری اداروں کو بے خبر رکھ کر ہمارے حلقے میں چوروں جیسا نقب لگانے کی کوشش کی اگر انہیں کسی اور کے کارناموں پر تختیاں لگانے کا اتنا ہی شوق تھا تو ہم ضرور ان کی مہمان نوازی کے طور پر دیگر منصوبوں کا افتتاح بھی کرواتے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرکاا تنے بڑے منصوبے کا افتتاح کرنا اورکانوں کان تک خبر نہ ہونا بلکہ تیسرے یا چوتھے روز محکمہ وزارت کی طرف سے افتتاح کا ہینڈ اؤٹ جاری ہونا کسی دانشمند وزیر کے لئے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے کہ دال میں ضرور کچھ کالا تھا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے بھی اپنے وزیر کے افتتاح پر خاموشی کو عزت جانا اور فیس بک پارٹی نے فیس بک پر بھی شےئرکرنا گوارہ نہ کیا۔ایم پی اے سید محمد علی شاہ نے کہا کہ مشتا ق غنی اگر پی ٹی آئی ایم این اے جنید اکبر سے بھی مشورہ کرتے تو یقیناً وہ اجازت نہ دیتے بلکہ اپنے پانچ سالہ ناقص کارکردگی پر بھی بریفینگ دیتے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...