چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئر مین کا بحری تنصیبات کا دورہ

چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئر مین کا بحری تنصیبات کا دورہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر )سینٹرل ملٹری کمیشن چین کے وائس چیئرمین جنرل چانگ یو شا نے پاکستان کا سرکاری دورہ کیا ۔ دورے کے دوران جنرل چانگ یوشا نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف دی نیول اسٹاف سے ملاقات کی ،جس میں پیشہ ورانہ امورکے ساتھ ساتھ موجودہ اور مستقبل کے بحری اشتراک کے حوالے سے مختلف معاملات بھی زیر بحث آئے ۔دورے کے دوسرے حصے میں ، چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئر مین نے کراچی میں پاک بحریہ کی مختلف تنصیبات کا دورہ کیا۔ کراچی میں آمد پر، کمانڈر کراچی رئیر ایڈمرل آصف خالق نے ان کا ستقبال کیا۔ پاک بحریہ کے جہاز پر آمد پر وائس چیف آف دی نیول اسٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے جنرل چانگ یو شا کا استقبال کیا اور معزز مہمان کو پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔ انھوں نے پاک بحریہ کے جہاز پر تعینات عملے سے ملاقات کی اور پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین کے اس دورے سے پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین کے مابین مشترکہ دفاعی تعاون بالعموم اورمسلح افواج کے درمیان اشتراک بالخصوص مزید مستحکم ہوگا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر