رکاچی ،گرمی کی شدت برقرار،43ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا

رکاچی ،گرمی کی شدت برقرار،43ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں گرمی کی شدت برقرار، اتوارکودرجہ حرارت 43ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔کراچی میں اتوارکوبھی شدید گرمی کی لہربرقراررہی، اتوارکوکراچی کا درجہ حرارت 43ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیاجبکہ گرمی کی شدت (ہیٹ انڈیکس)45ڈگری محسوس کی گئی اور ہوامیں نمی کا تناسب 15 فیصد سے بھی کم ریکارڈ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری ہوائیں بند ہیں جبکہ شمال کی جانب سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں۔ شدید حبس اور گرمی کے باعث شہریوں کا جینا عذاب ہوگیا ہے۔ شدید گرمی، ہوا، پانی کی بندش اورکے الیکٹرک کی جانب سیفنی خرابیوں کے نام پر طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے رمضان المبارک کے ابتدائی ایام میں لوگوں کیلئے مشکلات بڑھادی ہیں۔ گرم موسم کے باعث شہر میں ویرانی اور سڑکوں پر سناٹا چھایارہا شہریوں نے گرمی سے بچنے کیلئے خود کو گھروں تک محدود کرلیاہے۔محکمہ موسمیات19 سے23مئی تک ہیٹ ویو الرٹ جاری کرچکا ہے، گزشتہ روز بھی کراچی کا درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو دھوپ میں جانے سے گریز کرنے کامشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مجبورا جانا بھی پڑے تو چھتری استعمال کریں اورسرپرگیلاکپڑارکھیں۔ جب کہ صوبائی حکومت نے صورت حال سے نمٹنے کیلئے کراچی کی مقامی انتظامیہ کو خصوصی ہدایت کررکھی ہیں اس کے علاوہ ہیٹ اسٹروک کے پیش نظر شہر کے سرکاری ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ ہے۔دوسری جانب اندرون سندھ کے بھی کئی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرارہے، شہید بے نظیر آباد میں پارہ 41 ڈگری ،سکھر میں 40،موہن جودڑومیں 40، مٹھی میں 40 ،لاڑکانہ میں 40ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر