محکمہ خوراک ملتان‘ گندم خریداری 25مئی کو بند کرنیکا فیصلہ

محکمہ خوراک ملتان‘ گندم خریداری 25مئی کو بند کرنیکا فیصلہ

ملتان( سپیشل رپورٹر) کاشتکاروں سے گندم کا دانہ دانہ خریدنے کے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ محکمہ خوراک ملتان ڈویژن کے گندم خریداری مراکز پر کسانوں کو باردانہ کی فراہمی بند کئے جانے کے بعد گندم خریداری بھی 25مئی کو بند کرنے کا فیصلہ ، کوآرڈینیٹرز سمیت سپروائزی(بقیہ نمبر36صفحہ12پر )

کمیٹیوں کے ممبران نے باردانہ کااجراء مکمل طور پر بند کرتے ہوئے خریداری مراکز پر آنا چھوڑدیا ہے ۔تفصیل کے مطابق حکومت پنجاب نے گندم کے کاشتکاروں سے گندم کا دانہ دانہ خریدنے کا دعوی کرتے ہوئے صوبہ بھر سے 40لاکھ میٹرک ٹن گندم خریداری کا ہدف مقرر کیا تھا مگر گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی گندم خریداری کا ہدف پورا ہونے سے پہلے ہی گندم خریداری کا سلسلہ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ محکمہ خوراک پنجاب کی جانب سے گندم کے خریداری ہدف میں 25سے 28فیصد کمی کے خفیہ احکامات جاری کردیئے گئے ہیں اور گندم خریداری کا عمل بھی 30مئی کی بجائے 25مئی سے ختم کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔ مذکورہ صورتحال کے پیش نظر اوپن مارکیٹ میں گندم کے نرخوں میں ایکدم کمی واقع ہوگئی ہے گندم خریداری مراکز اچانک بند ہوجانے کے باعث کسان تنظیموں نے اپنے اپنے احتجاجی لائحہ عمل کی تیاری کیلئے ہنگامی اجلاس طلب کر لئے ہیں ۔

مزید : ملتان صفحہ آخر