احسن اقبال کی تقریر کے دوران بجلی چلی گئی،طلبہ کی نعرے بازی اور طنزیہ جملے
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایئریونیورسٹی میں نیشنل سینٹرفارسائبرسیکیورٹی کے افتتاح کی تقریب میں وفاقی وزیرداخلہ کی تقریر کے دوران بجلی چلی گئی ،جس پر یونیورسٹی کے طلبہ کی جانب سے نعرے بازی اور طنزیہ جملوں کا تبادلہ بھی کیا گیا لیکن احسن اقبال نے تقریر جاری رکھی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں جاری ایک تقریب کے دوران عین اس لمحے بجلی بند ہوئی جب وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال خطاب کر رہے تھے ،بجلی غائب ہونے کے باعث اندھیرا چھا گیا اوراس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے طلبہ نے نعرے بازی کے ساتھ ساتھ کا فی طنزیہ جملوں کا تبادلہ بھی کیا۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پہلے 20گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی لیکن اب ایسا نہیں اس پر طلبا کی جانب سے طنز آیا کہ ہاں اب 20نہیں 24گھنٹے ہی لوڈشیڈنگ ہوتی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے بجلی بند ہونے کو خاطرمیں نہ لاتے ہوئے اپنی تقریر جاری رکھی۔