چور کو سب چور نظر آتے ہیں،پی ٹی آئی سے کام کا پوچھنے والے خود بتائیں انہوں نے کیا کیا، پرویز خٹک
صوابی(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ ہمارے میگا پراجیکٹ تعلیم، صحت اور کرپشن کا خاتمہ ہے،پی ٹی آئی سے کام کا پوچھنے والے خود بتائیں انہوں نے کیا کیا۔
تفصیلات کے مطابق سوات ایکسپریس وے کے پہلے مرحلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ، جو خود کرپٹ ہوتا ہے وہی دوسروں پر الزام لگاتا ہے،چور کو سبھی چور نظر آتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میگا پراجیکٹس کا سن سن کر کان پک گئے ہیں، پی ٹی آئی کو کام کا پوچھنے والے خود بتائیں انہوں نے کیا کیا، مجھے ان لوگوں کے سارے کارناموں کا پتہ ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پر الزام لگانے والوں اور مجھے کسی ٹی وی شو میں ایک ساتھ بلا کر بات کرالیں۔سب پتہ چل جائے گا کس نے کتنا کام کیا ہے۔ پرویز خٹک کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے میگا پراجیکٹ تعلیم، صحت اور کرپشن کا خاتمہ ہے، یو این ڈی پی کا ڈرامہ چل رہا ہے، میں سب جانتا ہوں اور وہ رپورٹ 2005 سے 2015 کی ہے۔اس موقع پرڈی جی ایف ڈبلیو او لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے سوات ایکسپریس وے کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔