فیصل آباد کا رکشہ ڈرائیور ، 14کتابوں کا مصنف ، کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور

فیصل آباد کا رکشہ ڈرائیور ، 14کتابوں کا مصنف ، کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر ...
فیصل آباد کا رکشہ ڈرائیور ، 14کتابوں کا مصنف ، کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور

روزنامہ پاکستان کی اینڈرائیڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

فیصل آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)فیصل آباد کا رکشہ ڈرائیور فیاض ماہی 14کتابوں کا مصنف جو اب تک سوسے زائد سٹیج ڈرامے بھی لکھ چکا ہے دو مرلے کے کرائے کے گھر میں کسمپرسی کی زندگی گزار نے پر مجبور ، ریاست کے دوہرے معیار پر نوحہ کنا ں ہے ۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کی گلیوں اور بازار وں میں سارا دن محنت مزدوری کرنیوالا رکشہ ڈرائیور فیاض ماہی ایک غیر معمولی مصنف بھی ہے جو اب تک 14ناول لکھ چکا ہے جبکہ سو سے زائد سٹیج ڈراموں کا لکھاری بھی ہے کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے ، نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض ماہی نے کہا کہ میر ی چار بیٹیاں ہیں جن میں دو سونے کی جگہ کم ہونے کی وجہ سے اپنے ماموں کے گھر سونے کیلئے چلی جاتی ہیں جبکہ میں بیمار ہونے کی وجہ سے کئی کئی ماہ بجلی کا بل بھی ادا نہیں کر سکتا ۔ فیاض ماہی کا کہنا تھا کہ مجھے ہر وقت یہ دھڑکا لگا رہتا ہے کہ کب کرایہ وقت پر نہ دینے کی وجہ سے مالک مکان مجھے سامان اٹھا کر چلتا ہونے کیلئے کہہ دے گا ۔ فیاض ماہی نے انکشاف کیا کہ میں وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کے ساتھ پل کر جوان ہوا ہوں ہم 16سال تک اکٹھے کرکٹ کھیلتے رہے ہیںاور میں عابد شیر علی کا کلاس فیلو اور محلے دار بھی رہ چکا ہوں لیکن اب عابد شیر علی نے کئی بار رجوع کرنے پر بھی میر ے طرف کوئی توجہ نہیں دی ۔ انہوں نے بتایا کہ میری کتابوں پر ایک یونیورسٹی میں تحقیقی مقالہ بھی لکھا جارہا ہے لیکن افسو س کہ حکومت کی جانب سے میر ی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی اور میں بیماری کی حالت میں بھی مشقت طلب کام کرنے پر مجبور ہوں۔فیاض ماہی نے میڈیا کے توسط سے حکومت سے اپیل کی کہ اس کو کوئی چھوٹا سا گھر دیدیا جائے تاکہ اس کی بیٹیاں محسوس کر سکیں کہ ان کی بھی کوئی اپنی چھت موجود ہے ۔

مزید : علاقائی /پنجاب /فیصل آباد