دوسال عوام کا وقت اور پیسہ ضائع کرکے نو از شریف قطری خط سے بھی دستبردار ہوگیا:عمرا ن خان

دوسال عوام کا وقت اور پیسہ ضائع کرکے نو از شریف قطری خط سے بھی دستبردار ...
دوسال عوام کا وقت اور پیسہ ضائع کرکے نو از شریف قطری خط سے بھی دستبردار ہوگیا:عمرا ن خان

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ آج نواز شریف قطری خط سے بھی دستبردار ہوگیا، سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی میں دوسال پر محیط وقت اور عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ ضائع کرنے کے بعد سابق وزیر اعظم کو منی لانڈرنگ کے حق میں ایک مضحکہ خیز ترکیب سوجھی ہے۔

سوشل میڈیا اکاﺅنٹ پر نواز شریف کی جانب سے احتساب عدالت میں دئیے گئے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کتنے شرم کا مقام ہے کہ تین مرتبہ وزیر اعظم بننے والا شخص احتساب عدالت میں کہتا ہے کہ ایون فیلڈ جائیدادیں اسکے بیٹوں کی ہیں مگر وہ نہیں جانتا کہ انکی خریداری کیلئے انکے پاس پیسا کہاں سے آیا؟ نواز شریف کے مطابق انکے بیٹے برطانوی شہری ہیں جن پر پاکستانی قانون لاگو نہیں ہوتا۔ان کا کہنا تھا کہ آج نواز شریف قطری خط سے بھی دستبردار ہوگیا، سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی میں دوسال پر محیط وقت اور عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ ضائع کرنے کے بعد نواز شریف کو منی لانڈرنگ کے حق میں ایک مضحکہ خیز ترکیب سوجھی ہے۔عمران خان کہتے ہیں کہ اس کا مطلب تو یہ ہوا کہ (اسحٰق ڈار اور نواز شریف کیطرح) کوئی بھی چوری کرکے پیسہ اور بچے دونوں باہر بھجوا دے اور معصوم سی شکل بنا کرکہہ دے کہ اسے نہیں معلوم بچوں کے پاس پیسہ کہاں سے آیا؟

خیال رہے نواز شریف نے احتساب عدالت میں پوچھے گئے 127سوالات میں سے 55کے جواب جمع کراودئیے ہیں۔جس میں نوا زشریف کا کہنا تھاکہ دبئی فیکٹری اور العزیزیہ ملز سے میرا کوئی تعلق نہیں تھا، قومی اسمبلی میں تقریر یا قوم سے خطاب میں نہیں کہا کہ ایون فیلڈ پراپرٹی سے میرا کوئی تعلق ہے، ایون فیلڈ پراپرٹیز کا اصل یا بے نامی دار مالک نہیں ہوں جب کہ نیلسن اور نیسکول کمپنی کے بیئرر شیئرز سرٹیفکیٹ کبھی میرے تھے نہ میرے پاس رہے۔ انہوں نے کہا کہ5 اپریل 2016 کو قوم سے خطاب کیا، خطاب دبئی فیکٹری، العزیزیہ سمیت مختلف معاہدوں سے متعلق تھا، حسین نواز نے جو معلومات فراہم کیں وہ میرے علم میں نہیں تھیں جب کہ بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو کی حسن نواز وضاحت کر سکتا ہے۔

مزید : قومی /سیاست /علاقائی /اسلام آباد