روہنگیا مسلمان محفوظ زون خالی کریں، ورنہ مقدمے کے لئے تیار ہوجائیں:میانمارفورسز

روہنگیا مسلمان محفوظ زون خالی کریں، ورنہ مقدمے کے لئے تیار ...
روہنگیا مسلمان محفوظ زون خالی کریں، ورنہ مقدمے کے لئے تیار ہوجائیں:میانمارفورسز

  

ینگون(این این آئی)میانمار سیکیورٹی فورسز نے بنگلہ دیش اور میانمار کے درمیان ساحلی پٹی (بفرزون) پر پناہ گزین روہنگیا مسلمانوں کو فوراً جگہ خالی کرنے کا حکم دے دیا۔

فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق پناہ گزینوں نے بتایا کہ میانمار فوج نے دوبارہ لاؤڈ سپیکر کے ذریعے اعلانات شروع کردیئے ۔واضح رہے کہ میانمار فوج کے قتل و غارت سے بچ کر 6 ہزار پناہ گزین بنگلہ دیش اور میانمار کی درمیان ساحلی پٹی پر آباد ہیں۔اس حوالے سے بتایا گیا کہ تقریباً 7 لاکھ روہنگیا مسلمان میانمار فوج کے ظلم و ستم سے بچنے کے لیے بنگہ دیش ہجرت کرنے پر مجبور ہوئے جبکہ چند ہزار کی تعداد نے دونوں ممالک کی سرحدوں کے درمیان بفرزون میں رہنے پر اکتفا کیا۔اس سے قبل فروری میں میانمار نے آمادگی ظاہر کی تھی کہ وہ لاؤڈ سپیکر کے ذریعے بفرزون میں موجود روہنگیا مسلمانوں کو بنگلہ دیش جانے پر مجبور نہیں کرے گا۔اس ضمن میں میانمار فوج نے اپنے چند اہلکاروں کو مذکورہ جگہ سے واپس بلایا تھا تاہم رواں ہفتے دوبارہ لاؤڈ سپیکر پر اعلانات کا سسلسلہ شروع ہو گیا۔

مزید : بین الاقوامی