500 پولیس افسران و اہلکاروں کی گرفتاری کا حکم دیدیا گیا
کراچی(ویب ڈیسک) کراچی کی مختلف عدالتوں نے عدالتی احکام نظرانداز کرنے اور مقدمات کی کارروائی میں رخنہ ڈالنے کے الزام میں پولیس پر اپنی سخت برہمی کا اظہار کیاہے اور 500 پولیس افسران واہلکاروں کی گرفتاری کا حکم دے دیا اور ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق تین عدالتوں نے متعلقہ علاقوں کے ایس ایس پیز کو پابند کیاہے کہ وہ اپنے ماتحت عملے کو حراست میں لے کر عدالت میں پیش کریں۔ کسی بھی نوعیت کا فوجداری مقدمہ درج کرنے کے بعد پولیس پر ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ملزمان کے خلاف اپنی تفتیش مکمل کرکے 14 دن میں مقدمے کا چالان عدالت میں پیش کرے نیز مفرور ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائے اور مقدمے کی سماعت کے دوران کیس پراپرٹی سمیت عدالت کو مطلوبہ تمام قانونی تقاضے پورے کرے اور خود استغاثہ سے متعلق اپنے بیانات قلمبند کرانے کیلیے پیش ہوں تاکہ عدالت کو مقدمات نمٹانے میں کسی قسم کی مشکلات اور دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور مقدمے کی فوری اور بروقت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جاسکے۔