پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران کو جدید قوانین سے آگاہی بارے ٹریننگ کے لیے امریکہ بھیجنے کا فیصلہ

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران کو جدید قوانین سے آگاہی بارے ٹریننگ کے لیے ...
 پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران کو جدید قوانین سے آگاہی بارے ٹریننگ کے لیے امریکہ بھیجنے کا فیصلہ

  


لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)خوراک کے قوانین کی جدید دنیا سے ہم آہنگی کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی عملی کاوشیں جاری ہیں،ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نے عالمی تنظیم کے تعاون سے امریکہ میں ہونے والے ٹریننگ کورس کیلئے 6امیدواروں کے انٹرویوزکیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کے دو افسران کو جدید قوانین سے آگاہی بارے ٹریننگ کے لیے امریکہ بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے ہیڈکوارٹر میں 2نشستوں کے لیے 6امیدواروں کے انٹرویو کیے ہیں،عالمی تنظیم کے تعاون سے ہونے والا ٹریننگ کورس  3ہفتوں پر مشتمل ہو گا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ کورس میں امریکی اور جدید دنیا کے قوانین کے متعلق معلومات دی جائے گی،قوانین بنانے کے طریقہ کار اور خوراک کے لیبارٹری تجزیے کے متعلق ٹریننگ بھی کورس کا حصہ ہو گی،ٹریننگ کورس کرکے آنے والے افسران واپس آکر دیگر افسران کو بھی ٹریننگ دیں گے۔ کیپٹن (ر) محمد عثمان کا مزید کہنا تھا کہ کورس کرنے والے افسران اور ادارے کی پیشہ وارانہ صلاحیت میں اضافہ ہو گا،قانون سازی اور اس پر عمل درآمد میں امریکی محکمہ فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی اپنی مثال آپ ہے،ٹریننگ پر جانے والے افسران ایف ڈی اے کے ورکنگ ماڈل کا بھی مطالعہ کریں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ فوڈ اتھارٹی کی صلاحیتوں اور کام کے طریقہ کار کو جدید ممالک کے مطابق بنانا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور