حکومت نے کامیا ب جوان پروگرام کی منظوری دے دی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کامیاب جوان پروگرام کی منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں 15مئی کو ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی ۔حکومت کی جانب سے کامیاب نوجوان پروگرام کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، 10 لاکھ نوجوان اس پروگرام سے براہ راست مستفید ہوسکیں گے اور وزیراعظم کے نوجوانوں کو با اختیار بنانے کا مشن آگے بڑھے گا۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نوجوانوں کو قرضے ملنے سے نوکری کی تلاش سے بچ جائے گا اور اپنا کام کرے گا، بینک 6 فیصد سود پر ایک سے پانچ لاکھ تک کے قرضے دے گا اور نوجوان کو 10 فیصد ایکوٹی دینی ہوگی، مثلا 5 لاکھ قرض کے لیے 50 ہزار روپے ایکوٹی جمع کرانی ہوگی اور بینک 6 فیصد سود پر قرض دے گا، اسی طرح 5 سے 50 لاکھ پر قرض کے لیے ایکوٹی 20 فیصد ہے اور بینک 8 فیصد سود پر قرض دے گا۔
فردوس عاشق اعوان کا کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ اجلاس میں ڈالر کی بڑھتی قدر پر غور کیا گیا، موجودہ حکومت کو جو خراب معاشی صورتحال ملی، اس پر بھی غور کیا گیا، وزیراعظم نے عزم کو دہرایا کہ مشکل صورتحال سے نکلنے کے لیے عوام کی طاقت ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ مشیر خزانہ ماضی کی حکومتوں کے معیشت پر خودکش حملے پر جلد ہی خود بات کریں گے، ماضی کی حکومت نے معیشت کے لیے بارودی سرنگیں بچھائیں۔