حکومت ہر دن ایکسپوز ہورہی ہے،حکمرانوں نے مقابلہ کیے بغیر عالمی مالیاتی اداروں کے سامنے گٹھنے ٹیک دیئے:سراج الحق
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ روپے کی قدر کے ساتھ ساتھ حکومت کے عزت و وقار میں بھی کمی ہوتی جارہی ہے،اب حکومت کے پاس عوام کو دینے کے لیے کچھ نہیں رہا،عوام کا خون نچوڑنا اور ان کا دانہ پانی بند کرنا تبدیلی ہے تو قوم ایسی تبدیلی مزید برداشت نہیں کرے گی،ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ اور روپے کی قدر میں کمی سے معیشت تباہ و برباد ہوگئی ہے ،المیہ یہ ہے کہ حکمرانوں کو بھی عام آدمی کی طرح ٹی وی کی سکرینوں سے پتہ چلتاہے کہ روپے کی قدر میں کمی کر دی گئی ہے،حکومت ہر دن ایکسپوز ہورہی ہے،حکمرانوں نے مقابلہ کیے بغیر عالمی مالیاتی اداروں کے سامنے گٹھنے ٹیک دیئے ہیں،نااہلوں اور نالائقوں کی غلطیوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے۔
گلشن راوی میں جماعت اسلامی لاہوراور جے آئی یوتھ کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیے گئے عوامی افطار ڈنر کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئےسینیٹر سراج الحق نے کہاکہ قوم اس وقت ناقابل بیان مصیبت اور پریشانی کا شکار ہے اور عوام کے اندر بے چینی مسلسل بڑھتی جارہی ہے ،پورا معاشی نظام لاوارث ہوگیاہے اور حکومت کے چہرے سے ہر روز” میک اپ “اتر رہاہے،حکومت اپنے پہلے سو دنوں میں ایکسپوز ہوگئی تھی ، باقی رہی سہی کسر اب نکل گئی ہے،روپے کی قدر میں کمی سے قرضوں کا بوجھ مسلسل بڑھتا جا رہاہے،گزشتہ چار روز میں روپے کی قدر میں کمی سے بیرونی قرضوں کا حجم ایک ہزار ارب روپے بڑھ گیاہے اور ابھی قدر میں مزید کمی کے اشارے دئیے جارہے ہیں ۔ انہوں نے پاکستانی سیاست اور جمہوریت میں عدم استحکام کی وجہ ملک میں موروثی سیاست کوقرار دیتے ہوئے کہاکہ ملک میں سیاسی جماعتوں پر چند خاندانوں کے تسلط نے عام سیاسی کارکن کا استحصال کیاہے،عوام نے تمام سیاسی جماعتوں کو آزما کر دیکھ لیا ہے،سابقہ حکومتوں کے تسلسل پی ٹی آئی سے بھی کسی خیر کی توقع نہیں،حکومت نے اپنے منشور میں کیے گئے وعدوں کا پاس نہیں کیااور محض 10ماہ کے سفر میں ہی پانچ سال کی ناکامیوں کو سمیٹ لیا ہے۔