ملازم کا کورونا ٹیسٹ مثبت لیکن سری دیوی کی صاحبزادی اور اداکارہ جھانوی کپور کی حالت کیسی ہے ؟ پیغام جاری کردیا

ملازم کا کورونا ٹیسٹ مثبت لیکن سری دیوی کی صاحبزادی اور اداکارہ جھانوی کپور ...
ملازم کا کورونا ٹیسٹ مثبت لیکن سری دیوی کی صاحبزادی اور اداکارہ جھانوی کپور کی حالت کیسی ہے ؟ پیغام جاری کردیا

  

ممبئی (ویب ڈیسک) آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی بڑی بیٹی اور بالی ووڈ کی نئی اُبھرتی ہوئی اداکارہ جھانوی کپور نے اپنے ملازم کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا ہے، تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جھانوی کپور نے ایک طویل پیغام کی تصویر شیئر کی ہے، جس پر لکھا ہے کہ یہ پیغام بونی کپور کی جانب سے ہے۔

انسٹاگرام پر شیئر کردہ پیغام میں لکھا ہے کہ ’میں آپ سب کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ ہمارے گھر کام کرنے والے 23 سالہ چارن ساہو کا کوویڈ 19 (کورونا وائرس) کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ چارن کی طبیعت ہفتے کی شام سے خراب تھی جس کے بعد اُسے آئیسولیشن میں بھیج دیا گیا تھا، ٹیسٹ کی رپورٹ آنے کے بعد معلوم ہوا کہ وہ کورونا وائرس کا شکار ہے، جس کے بعد اُسے فوری طور پر قرنطینہ سینٹر منتقل کیا گیا۔

بونی کپور نے لکھا کہ میں، میرے بچے اور گھر میں موجود دیگر کام کرنے والے افراد بالکل ٹھیک ہیں، ہم میں سے کسی کو بھی کورونا وائرس کی علامات ظاہر نہیں ہوئی ہیں، جب سے لاک ڈاؤن شروع ہوا ہے ہم میں سے کوئی بھی اپنے گھر سے باہر نہیں نکلا۔انہوں نے لکھا کہ اگلے مزید 14 دن ہم اپنے آپ کو گھر میں ہی رکھیں گے۔ ہم بی ایم سی اور اُن کی ٹیم کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی احکامات پر بھرپور طریقے سے عمل کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ بونی کپور نے لکھا کہ اتنی جلدی ہماری مدد کرنے پر ہم مہاشٹرا حکومت اور بی ایم سی کے شکرگزار ہیں۔

بونی کپور نے مزید لکھا کہ یہ معلومات لوگوں تک پہنچانے کا مقصد یہ ہے کہ ہم سے متعلق کوئی افواہ نہ پھیلائی جائے۔ ہمیں یقین ہے کہ چارن بہت جلد ٹھیک ہو کر واپس گھر آجائے گا۔ ‘اپنے والد کے پیغام کو شیئر کرتے ہوئے تصویر کے ساتھ کیپشن میں جھانوی نے لکھا کہ کورونا سے بچنے کے لیے گھر میں رہنا بہترین حل ہے، باقی سب بھی محفوظ رہیں۔جھانوی کے اس پوسٹ کو اب تک 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد لائیک کرچکے ہیں جبکہ بھارتی اداکار کارتیک آریان سمیت کئی نامور فنکاروں نے اُن کے اس پوسٹ پر کمنٹ بھی کیا ہے۔

مزید :

تفریح -کورونا وائرس -