کورونا وائرس کے وار تیز ، پاکستان میں کیسز اور اموات میں اضافہ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 2193 کیسز سامنے آئے ہیں اور 32 افراد وائرس کے باعث انتقا ل کر گئے ہیں ۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق لاک ڈاﺅن کھلنے کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ تیز ہو گیاہے ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں پاکستان میں سب سے زیادہ 15 ہزار 346 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 2193 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی تعداد 48 ہزار 91 ہو گئی ہے جبکہ مزید 32 افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور اموات ایک ہزار سے تجاوز یرتے ہوئے 1017 ہو گئیں ہیں ۔ 32 ہزار 919 مریض اس وقت اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں جب کہ 14 ہزار 155 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 32 افراد کورونا کے ہاتھوں لقمہ اجل بن گئے۔ اس طرح ملک میں مجموعی اموات 1017 ہوگئی ہیں۔خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 351 اموات ہوئی ہیں جب کہ سندھ میں 316، پنجاب میں 297، بلوچستان میں 38، اسلام آباد میں 10 اور گلگت بلتستان میں 4 جب کہ آزاد کشمیر میں ایک مریض جان کی بازی ہار گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں کورونا کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے جہاں مصدقہ مریضوں کی تعداد 18 ہزار964 ہے۔ دوسرے نمبر پر پنجاب ہے جہاں کورونا کیسز 17 ہزار 382 ہوگئے۔ علاوہ ازیں خیبر پختونخوا میں 6 ہزار 815، بلوچستان میں 2 ہزار 968 کیسز، اسلام آباد میں ایک ہزار 235 ، گلگت میں 579 اور آزاد کشمیر میں 148 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔