آپ کا موبائل فون کس طرح آپ کی جاسوسی کرتا ہے؟ ایپل کے سابق کنٹریکٹر نے ایسا انکشاف کردیا کہ آپ سونے سے پہلے اپنا فون کمرے سے باہر رکھ آئیں

آپ کا موبائل فون کس طرح آپ کی جاسوسی کرتا ہے؟ ایپل کے سابق کنٹریکٹر نے ایسا ...
آپ کا موبائل فون کس طرح آپ کی جاسوسی کرتا ہے؟ ایپل کے سابق کنٹریکٹر نے ایسا انکشاف کردیا کہ آپ سونے سے پہلے اپنا فون کمرے سے باہر رکھ آئیں

  

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) ایپل کمپنی پر صارفین کے اعتماد کی ایک بڑی وجہ تحفظ کا احساس بھی ہے کہ اس کی ڈیوائسز پر آپ کا ڈیٹا محفوظ رہتا ہے لیکن گزشتہ سال ایک گمنام شخص نے چشم کشا انکشاف کیا تھا کہ ایپل کمپنی بھی اپنے صارفین کی جاسوسی کرتی ہے اور ان کی انتہائی نجی نوعیت کی گفتگو ریکارڈ کرتی ہے۔ اب یہ گمنام شخص منظرعام پر آ گیا ہے اور اپنی شناخت ظاہر کر دی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق اس شخص کا نام تھامس لی بونیک ہے جو ایپل کا کنٹریکٹررہ چکا ہے۔

تھامس کا کہنا ہے کہ ایپل کی ڈیوائسز استعمال کرنے والوں کا ڈیٹامحفوظ نہیں ہے۔ اس نے بتایا کہ وہ کمپنی کے ’سری گریڈنگ پراجیکٹ‘ میں کام کر چکا ہے۔ یہ پروگرام ایپل کے پرسنل اسسٹنٹ سری(Siri)کو بہتر بنانے کے لیے تھا۔ تھامس کا کہنا تھا کہ ”اس پروگرام میں ہم لوگوں گفتگو ریکارڈ کرتے اور انہیں سنتے تھے۔ ان میں طبی مباحثے، مجرمانہ سرگرمیوں، جنسیت اور کاروباری گفتگو سمیت ہر طرح کی انتہائی نجی گفتگو شامل ہوتی تھی۔ ہم نے کئی بڑی کاروباری شخصیات کی کاروباری گفتگو سنی جو ان کے لیے راز رکھنا انتہائی اہمیت کا حامل تھا۔ اس کے علاوہ ہم نے کئی بڑی شخصیات کی ایسی گفتگو بھی سنی جو منظرعام پر آ جائے تو ان کے لیے ایک بڑا جنسی سکینڈل بن جائے۔

تھامس کا کہنا تھا کہ ”میں نے گزشتہ سال یہ انکشافات کیے لیکن مجھے مایوسی ہوئی کہ ایپل کے خلاف کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ حالانکہ وہ اپنی ان سرگرمیوں کی وجہ سے بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کر رہی ہے۔ میں نے یورپی پرائیویسی ریگولیٹرز کو کھلے خط میں ان باتوں کا انکشاف کیا لیکن کسی نے کچھ نہیں کیا۔ لوگ اپنے آئی فون کے پاس جو بھی گفتگو کرتے ہیں وہ محفوظ نہیں ہوتی، خواہ آپ اس وقت فون استعمال نہ کر رہے ہوں۔ مثال کے طور پر آپ کا فون میز پر پڑا ہے اور آپ کسی شخص کے ساتھ بیٹھے باتیں کر رہے ہیں تو بھی آپ کی گفتگو ریکارڈ کی جاتی ہے اور ایپل کے ملازمین اسے سن سکتے ہیں۔“

مزید :

سائنس اور ٹیکنالوجی -