ایران نے عید کے بعد مذہبی مقامات کھولنے کا اعلان کردیا
تہران (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایران کے صدر حسن روحانی نے عیدالفطر کے بعد تمام مذہبی مقامات کھولنے کا اعلان کردیا۔
ایرانی صدر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عید کے بعد تمام مذہبی و مقدس مقامات حفاظتی تدابیر کے ساتھ کھول دیے جائیں گے۔ مقدس مقامات پر آنے والے تمام افراد کو حفاظتی اصولوں پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔ خیال رہے کہ کورونا کی وبا شدید ہونے پر ایران نے مارچ کے مہینے میں مقدس مقامات کو بند کردیا تھا۔
ایران کے صدر نے کہا کہ ان کا ملک کورونا کا خاتمہ کرنے کے قریب ہے، کچھ صوبوں میں صورتحال ابھی تک قابو سے باہر ہے لیکن جلد ہی اس وبا پر قابو پالیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایران کورونا سے متاثر ہونے والا 10 واں بڑا ملک ہے جہاں جمعرات کو کورونا کے 2 ہزار 392 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ایران میں مجموعی طور پر کورونا کے ایک لاکھ 29 ہزار 341 کیسز اور 7 ہزار 249 ہلاکتیں رپورٹ ہوچکی ہیں۔