عمران طاہر اب بھی لاہور میں کیوں مقیم ہیں اور کرکٹ سرگرمیاں بحال ہونے سے متعلق ان کا کیا کہنا ہے؟

عمران طاہر اب بھی لاہور میں کیوں مقیم ہیں اور کرکٹ سرگرمیاں بحال ہونے سے ...
عمران طاہر اب بھی لاہور میں کیوں مقیم ہیں اور کرکٹ سرگرمیاں بحال ہونے سے متعلق ان کا کیا کہنا ہے؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستانی نژاد جنوبی افریقی سپنر عمران طاہر نے کہا ہے کہ تماشائیوں کے بغیر کرکٹ کی سرگرمیاں شروع کرنا اور کھلاڑیوں کے جشن پر پابندی کی وجہ سے مشکل تو ہو گی لیکن کورونا وائرس کے دور میں کرکٹ کی سرگرمیاں کہیں سے تو شروع کرنا ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 41 سالہ عمران طاہر ملتان سلطانز کی جانب سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کھیلنے کیلئے پاکستان میں موجود تھے تاہم کورونا وائرس کے باعث اسے ملتوی کر دیا گیا۔ عمران طاہر نے چند روز لاہور میں بہن بھائیوں اور قریبی عزیز و اقارب کے ساتھ گزارنے کیلئے قیام کرنا تھا لیکن اسی دوران فضائی آپریشن معطل ہو گیا اور عمران طاہر جنوبی افریقہ نہ جا سکے۔ اس طرح عمران طاہر اب بھی لاہور میں ہی ہیں اور کبھی کبھار وہ پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ مقامی اکیڈمی میں ٹریننگ کرتے ہو ئے بھی دیکھے جاتے ہیں۔
20ٹیسٹ، 107 ون ڈے اور 38 ٹی 20 میچز کھیلنے والے عمران طاہر کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث اس وقت دنیا جس دور سے گزر رہی ہے یہ ایک مشکل وقت ہے۔کورونا وائرس سے بہت کچھ تبدیل ہو رہا ہے، لگتا ہے کہ اب ہم سب کو کچھ عرصہ کیلئے اس کے ساتھ ہی رہنا پڑے گا اور خود کو اس کے مطابق ڈھالنا پڑے گا۔
عمران طاہر نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کھیلوں کی سرگرمیاں رکی ہوئی ہیں لیکن اب ان سرگرمیوں کے آغاز کیلئے ہمیں کہیں سے تو قدم اٹھانا پڑے گا۔ابھی بات ہو رہی ہے کہ تماشائیوں کے بغیر میچز ہوں گے اور کچھ روایات اور قوانین کو بھی تبدیل کرنا پڑے گا، یہ مشکل تو ہو گا لیکن کیا کیا جائے کچھ تو کرنا پڑے گا، یہ ایک ایسی صورت حال ہے جس پر کسی کا کوئی کنٹرول نہیں ہے۔
لیگ سپنر نے کہا کہ میچز کے دوران تماشائیوں کی وجہ سے ایک الگ ماحول ہوتا ہے، اب اگر میچز تماشائیوں کے بغیر شروع ہوتے ہیں تو عجیب لگے گا، اسی طرح میچز میں جشن نہ منانے کی عادت اپنانا بھی مشکل ہوگا۔عمران طاہر نے کہا کہ کچھ لوگ بہت پرجوش ہوتے ہیں اور وہ ایسا قدرتی طور پر کرتے ہیں جبکہ کچھ نارمل رہتے ہیں لیکن جو بہت پرجوش ہوتے ہیں ان کیلئے خود کو جشن منانے سے روکنے میں دشواری پیش آئے گی۔

مزید :

کھیل -