بائولنگ ایکشن غیر قانونی قرار دینے پر شعیب اختر نے سہواگ کو کرارا جواب دیدیا

بائولنگ ایکشن غیر قانونی قرار دینے پر شعیب اختر نے سہواگ کو کرارا جواب دیدیا
 بائولنگ ایکشن غیر قانونی قرار دینے پر شعیب اختر نے سہواگ کو کرارا جواب دیدیا
سورس: Twitter/@shoaib100mph

  

راولپنڈی (ویب ڈیسک) راولپنڈی ایکسپریس کے لقب سے مشہور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے وریندر سہواگ کی جانب سے اپنے باؤلنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دینے پر کرارا جواب دے دیا۔

اپنے ایک انٹرویو دیتے ہوئے سابق سپیڈ سٹار شعیب اختر نے کہا کہ اگر وریندر سہواگ کو آئی سی سی سے زیادہ معلومات ہے تو الگ بات ہے ورنہ انہیں ایسی باتیں نہیں کرنی چاہیے تھیں، سہواگ کو میرا بولنگ ایکشن غیر قانونی لگتا ہو گا لیکن پاکستان بھارت میں ایسا کسی اور کو نہیں لگتا، میرے باؤلنگ ایکشن کو آئی سی سی نے کلیئر کر دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میری رائے سہواگ کے بارے میں بالکل مختلف ہے، وہ ایک بہترین پلئیر تھے اور متعدد بار بھارت کی جیت میں اہم کردار ادا کرچکے ہیں، میں عمر کے اس حصے میں ہوں جہاں اپنے خیالات کا اظہار دیکھ بھال کر کرتا ہوں، نہیں چاہتا کہ میری رائے سے کسی کی دل آزاری ہو۔

سابق سپیڈ سٹار نے کہا کہ سہواگ عموماً ایسی باتیں کہہ جاتے ہیں لیکن میرے اچھے دوست ہیں، وریندر سہواگ کے الزامات میں نے نہیں سنے، میری ہمیشہ کوشش ہوتی تھی کہ آؤٹ کروں نہ کہ کسی بیٹر کو زخمی کروں، میں چاہتا ہوں کہ اپنے بیانات سے بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو بہتر کروں، میں پاکستان کا قومی ہیرو ہوں اس لیے میرے بارے میں وریندر سہواگ سوچ سمجھ کر بولیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹرز کی جانب سے بنگلہ دیش کو باپ اور بیٹے کی مثال دینا، میرے خیال میں غیر مناسب ہے اور ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہیے۔ یادرہے کہ گزشتہ دنوں سہواگ نے راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کے بالنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ہاتھ کو جھٹکا مار کر بالنگ کرواتے تھے جبکہ ان کی کہنیاں جھکی ہوئی ہیں ورنہ آئی سی سی ان پر پابندی کیوں لگاتی؟۔

مزید :

کھیل -