ثقلین مشتاق نے شعیب اختر سے اپنے 250 روپے ادھار واپس مانگ لیے
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق کرکٹر ثقلین مشتاق نے شعیب اختر سے اپنے 250 روپے ادھار واپس مانگ لیے ۔ایک پروگرام میں ان کا کہنا تھا کہ شعیب میرا بچپن سے ساتھی ہے، ہم کرکٹ کھیلنے سے پہلے سے دوست ہیں ، ہم ایک دوسرے کے گھر آتے جاتے تھے، دال روٹی بھی ساتھ کھانے جاتے تھے۔
سابق کرکٹر نے اسی دوران ہنستے ہوئے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ شعیب نے آج تک میرے 250 روپے واپس نہیں کیے، یہ میرا قرض دار ہے۔ثقلین مشتاق نے بتایا کہ کراچی میں ٹیمز میچ کھیلنے آئی ہوئی تھیں، ہم لالوکھیت پر الکرم اسکوائر میں ٹھہرے ہوئے تھے، وہاں 2 کمروں کے گھر میں 20 سے 25 لوگ روم شیئر کرتے تھے میں اور شعیب بھی اس کمرے میں ساتھ تھے۔
سابق کھلاڑی کے مطابق اس وقت روزمرہ الاؤنس ہمیں ملتا نہیں تھا، گھر سے 1500 سے 2000 لے کر نکلے جس پر گزارہ کرنا تھا، میرے پاس ان پیسوں میں سے 250 بچے تھے اور شعیب کے پاس پیسے ہی نہیں تھے، ہم نے فلم دیکھی تو شعیب کو خیال آیا کہ نئی پینٹ شرٹ لینی ہے اور وہ ان پیسوں سے جاکر کپڑے لے آیا جس پر میں نے کہا تھا اب کھانہ کہاں سے کھائیں گے؟ شعیب نے آج تک میرے وہ 250 روپے واپس نہ کیے میں آج پھر اس شو کے ذریعے پیسوں کا مطالبہ کررہا ہوں جو کہ اب تک 40 سے 50 لاکھ روپے بن گئے ہوں گے ۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ شعیب کو شاپنگ کا بہت شوق ہے، میچ کھیلنے کے دوران بھی دوسری ٹیموں کے لڑکے ڈرتے تھے کہ ادھار پیسے نہ مانگ لے۔