خاتون کے بیٹے کو دوسری خاتون کے ہاں پیداہونیوالی مردہ بیٹی سے بدل دیاگیا لیکن پھر پتہ کیسے چلا؟ افسوسناک تفصیلات
سیالکوٹ(مانیٹرنگ ڈیسک) سیالکوٹ کے ایک نجی ہسپتال میں خاتون کے ہاں پیدا ہونے والے بیٹے کو دوسری خاتون کے ہاں پیدا ہونے والی مردہ بیٹی سے بدل دیا گیا۔ نجی ٹی وی چینل 24نیوز کے مطابق زچگی کے دوران ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کی وجہ سے بیٹے کی ماں کی موت واقع ہو گئی، جس کے باعث بچے کو انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں رکھ دیا گیا۔
دو دن بعد ہسپتال انتظامیہ کی طرف سے بچے کے والد کو بتایا گیا کہ بچے کی بھی موت ہو گئی ہے۔ بچے کا والد دیگر فیملی ممبرز کے ساتھ ہسپتال آیااور انتظامیہ نے ایک مردہ بچی کی لاش ان کے حوالے کر دی۔ یہ لوگ جب میت گھر لے گئے اور تجہیز و تکفین کا مرحلہ آیا تو بچے کی بجائے بچی کی میت ہونے کا انکشاف ہوا، جس پر یہ لوگ میت لے کر ہسپتال پہنچ گئے اور وہاں بچی کی میت رکھ کر احتجاج کیا۔
بچے کے والد کی طرف سے ڈاکٹر اور ہسپتال انتظامیہ کے خلاف رنگ پورہ پولیس سٹیشن میں مقدمہ درج کرا دیا گیا ہے۔متاثرہ خاندان کی طرف سے چیف جسٹس آف پاکستان ، وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعظم پاکستان سے انصاف کی اپیل کی گئی ہے۔ سیالکوٹ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔