ٹیوٹا نے ایک ماہ دورانیہ کے فری سولرٹریننگ کورس کاآغاز کر دیا

ٹیوٹا نے ایک ماہ دورانیہ کے فری سولرٹریننگ کورس کاآغاز کر دیا

                                 لاہور (کامرس رپورٹر) چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے کہا ہے کہ ٹیوٹا کے زیر انتظام گورنمنٹ سٹاف ٹریننگ کالج گلبرگ میں ایک ماہ دورانیہ کے فری سولر ٹریننگ کورس کا کامیابی سے آغاز کر دیاگیاہے۔جی آئی زیڈ کے تعاون سے30ماہ کے اس پراجیکٹ میں 4000 (مرد اورخواتین) کو تربیت دی جائے گی جبکہ اس وقت صوبہ بھر سے چھوٹے کاروباری طبقہ کے 122افراد ٹریننگ پروگرام میں تربیت حاصل کر چکے ہیں۔ٹریننگ حاصل کرنے والوں کو دوران ٹریننگ رہائش کی سہولت کے ساتھ ساتھ 3000ہزار روپے اور ٹول کٹ بھی مفت فراہم کی جاتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سولر ٹیکنالوجی کے تربیتی کورس کے بارے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی اور دیگر افسران بھی میں موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے کہاکہ اس پراجیکٹ کو صوبہ بھر کے ٹیوٹا کے 34اداروں میں بھی شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اس سلسلے میں68اساتذہ کو ماسٹر ٹرینر کی ٹریننگ دی جائے گی جبکہ 48اساتذہ کوٹریننگ دے دی گئی ہے۔ اس ٹریننگ پروگرام کے انعقاد کا مقصد ٹیوٹا کاپنجاب حکومت کے توانائی بحران کے خاتمے کیلئے فنی ماہر افرادی خدمات فراہم کرناہے۔چیئرپرسن ٹیوٹا نے مزید کہاکہ ٹیوٹا بنیادی سطح پر صوبہ بھر کے چھوٹے کاروباری طبقہ کو جدید ٹیکنالوجی کی تربیت فراہم کر رہا ہے۔تربیت حاصل کرنے والے سولر ٹیکنالوجی کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کریں گے۔ایک ماہ دورانیہ کے اس کورس کوشمسی توانائی ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کےلئے ڈیزائن کیا گیا ہے ۔اس پروگرام کے کامیاب آغاز کے بعد "شمسی توانائی سے پانی حرارتی نظام " کا ایک جزو بھی شامل کیا گیا ہے۔

مزید : کامرس