بچوں کو قتل کی دھمکیاں دیکر بھتہ طلب کرنیوالے 3 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا

بچوں کو قتل کی دھمکیاں دیکر بھتہ طلب کرنیوالے 3 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا

 لا ہور (کرا ئم سیل) گرین ٹاؤن پولیس نے عدنان نامی شہری کو بچوں کے قتل کی بذریعہ ٹیلی فون دھمکیاں دے کر بھاری رقم بطور بھتہ طلب کرنے والے 3 ملزموں کو گرفتار کر کے ان قبضہ سے بھتہ کی رقم اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیاہے۔ تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)محمد امین وینس نے گرین ٹاؤن میں بھتہ طلب کرنے کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کو ملزموں کو گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ ایس پی صدر اعجاز شفیع ڈوگر نے ڈی ایس پی ٹاؤن شپ عاطف حیات کی سربراہی میں ایس ایچ او گرین ٹاؤن محمد شریف سندھو اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیم تشکیل دی ۔اس پولیس ٹیم نے کا ل کیے جانے والے نمبر کا ڈیٹا ٹریس کیا اور شہری عدنان کی بھتہ مانگنے والے ملزمان سے ڈیل کروائی اور بھتہ کی رقم ملزموں کی بتائی جانے والی جگہ ملت روڈ پر ویران جگہ پر رکھ دی اورپولیس کی جانب سے اس جگہ کی خفیہ نگرانی شروع کر دی گئی ۔ملزمان جب موٹر سائیکل پر رقم اٹھانے آئے تو پولیس نے ملزمان محمد قاسم ، تنویر عالم اور احمدعلی کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے نقدی اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزم قاسم مدعی مقدمہ محمد عدنان کے پاس ملازمت کرتا تھا اور ماہ رمضان میں اس کو ملازمت سے نکال دیا تھا جس پر قاسم نے اپنے دوستوں کے ساتھ ملکر اپنے سابقہ مالک محمد عدنان سے بھتہ لینے کا پلان بنایا ۔ کچھ عرصہ قبل ملزمان نے محمد عدنان کے بھانجے کو بھی اغوا کرنے کا پلان بنایا تھا لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکے۔ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے بھتہ خوروں کی گرفتاری پر ایس ایچ او گرین ٹاؤن محمد شریف سندھو اور پولیس ٹیم کے لئے نقد انعامات دینے کا اعلان کیا ہے۔

مزید : علاقائی