بھتہ نہ دینے پر ایک شخص کو ہلاک کرنے والا ٹاپ ٹین ملزم بلو تیلی گرفتار

بھتہ نہ دینے پر ایک شخص کو ہلاک کرنے والا ٹاپ ٹین ملزم بلو تیلی گرفتار

 لا ہور (کرا ئم سیل) سی آئی اے اقبال ٹاؤن نے 2007ء میں شاد با غ کے رہائشی مبین احمد کو بھتہ نہ دینے پر فائرنگ کر کے ہلاک کرنے والے بلیک بک کے اشتہاری اور ٹاپ ٹین ملزم بلو تیلی کو گرفتار کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس کے احکامات کے تحت اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے شہر میں خصوصی کریک ڈاؤن جاری ہے۔اس دوران ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک کی تشکیل کردہ پولیس ٹیم نے ڈی ایس پی سی آئی اے اقبال ٹاؤن ریاض شاہ کی سربراہی میں سات سال سے قتل جیسے سنگین مقدمے کے اشتہاری اور منشیات فروش وقار عرف بلو تیلی کو گرفتار کر کے اس سے جدید ناجائز آتشیں اسلحہ اورلاکھوں روپے مالیت کی 7کلو800گرام چرس برآمد کر لی ہے۔ پولیس کے مطابق اشتہاری بلو تیلی جب بھی شاد باغ جاتا،مقتول مبین احمد کے علاقے میں جا کر سر عام پھرتا تھا جس سے علاقے میں خوف وہراس پھیلتا تھا۔ مقتول مبین احمد کے ورثانے اس حوالے سے ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک کومطلع کیا تو انہوں نے ڈی ایس پی ریاض شاہ کو اس اشتہاری کی گرفتاری کا ٹارگٹ دیا۔ ملزم اشتہاری ہونے کے دوران زیادہ تر علاقہ غیرمیں رہتا اور اپنا خرچہ چلانے کے لیے وہاں سے منشیات لا کر لاہور کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتا تھا ۔

مزید : علاقائی