ایاز صادق کی درخواست نا قابل سماعت قرار ،انتخابی عذرداری کیخلاف حکم امتناعی خارج

ایاز صادق کی درخواست نا قابل سماعت قرار ،انتخابی عذرداری کیخلاف حکم امتناعی ...

                             لاہور (نامہ نگار خصوصی ) لاہورہائیکورٹ نے الیکشن ٹربیونل کو این اے 122دھاندلی کیس میں کارروائی کی اجازت دیتے ہو ئے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی،عمران خان کی انتخابی عذرداری کے خلاف جاری حکم امتناعی بھی خارج کر دیا گیا ۔مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ الیکشن ٹربیونل میں عمران خان کی این اے 122میں دھاندلی کیخلاف انتخابی عذرداری کیخلاف دائر سپیکر قومی اسمبلی کی درخواست ناقابل سماعت ہے ، فل بنچ کے فیصلے کی روشنی میں ہائیکورٹ کو الیکشن ٹربیونل کی کارروائی میں مداخلت کا اختیار نہیں ہے لہذا مذکورہ حلقے میں دھاندلی کے خلاف دائر انتخابی عذرداری کے خلاف جاری حکم امتناعی خارج کیا جاتاہے، درخواست میں سردارایازصادق کی جانب سے موقف اختیار کیاگیا تھا کہ عمران خان نے نامکمل انتخابی عذرداری دائر کی ہے ، سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نامکمل انتخابی عذرداری دائر نہیں کی جا سکتی لہذا الیکشن ٹربیونل کو عمران خان کی انتخابی عذرداری خارج کرنے کا حکم دیا جائے، دوسری جانب عمران خان نے موقف اختیار کیا کہ تکنیکی خامیوں پر کسی بھی کیس کے میرٹ کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا جبکہ فل بنچ کے فیصلے کی روشنی میں بھی ہائیکورٹ کو الیکشن ٹربیونل کے معاملات میں مداخلت کا اختیار نہیںلہذا سپیکر قومی اسمبلی کی درخواست خارج کی جائے، عدالت نے دونوں طرف سے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو آج جاری کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی درخواست خارج کر دی گئی ۔

مزید : صفحہ اول