سعودی حکومت کا عمرہ ویزوں کا شیڈول جاری
اسلام آباد(ویب ڈیسک) سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ ویزوں کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ تفصیلا ت کے مطابق سعودی وزارت حج ذرائع کے مطابق عمرہ ویزوں کا اجراء25 نومبر سے کیا جا رہا ہے جو 30 جولائی تک جاری رہے گا، سعودی وزارت حج پاکستان کے زائرین سمیت مختلف ممالک کے زائرین کو حجاز مقدس کے سفر کے لئے 60 لاکھ عمرہ ویزے جاری کریگی۔ دریں اثناءبائیو میٹرک رجسٹریشن لازم ہونے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا پاکستان سے عمرہ، ورک اور وزٹ ویزے پر سعودی عرب جانے والے پاکستانی شہریوں کےلئے بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے رجسٹریشن لازمی قرار دیدی گئی، آئندہ حج سیزن میں پاکستانی عازمین حج پر بھی بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے رجسٹریشن کی شرط لاگو ہو گی، ریڈ اور بلیو پاسپورٹ ہولڈرز، 70 سال سے زائد عمر افراد اور 12 سال سے کم عمر کے بچے اس شرط سے مستثنیٰ ہوں گے، وزٹ ویزا کےلئے 2780 روپے جبکہ عمرہ زائرین کی رجسٹریشن فیس 500 روپے فی کس ہوگی۔ وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ بائیو میٹرک رجسٹریشن سعودی حکومت کی طرف سے لازمی قرار دی گئی، اس نظام سے پاکستانی شہریوں کو سعودی امیگریشن میں سہولت ہوگی جبکہ سعودی حکومت کے سکیورٹی کے حوالے سے اور فرار ہونے والے عمرہ زائرین کے حوالے سے تحفظات دور کرنے میں مدد ملے گی۔ بائیومیٹرک رجسٹریشن کا ٹھیکہ حاصل کرنے والی نجی کمپنی اعتماد نے وزارت مذہبی امور کے حکام کو تفصیلی بریفنگ دی۔ نجی کمپنی کے کنٹری ڈائریکٹر طارق الٰہی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مسافر کے فنگر پرنٹس کے ساتھ ہی اس کی تمام معلومات امیگریشن حکام کے سامنے آجائیں گی اور وہ 10 سیکنڈ میں کلیئر ہو جائے گا۔ اسلام آباد، پشاور، کراچی، لاہور، کوئٹہ اور ملتان میں رجسٹریشن کے مراکز قائم کر دیئے گئے ہیں تاہم دیگر بڑے شہروں میں 6 نئے مراکز جلد کھولے جائیں گے۔ ایک گھنٹے میں 6 ہزار افراد کی بائیومیٹرک رجسٹریشن کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس موقع پر سعودی ویزا قونصلر نے آگاہ کیا کہ ایک شادی والا ایک دفعہ جبکہ 4 شادیاں کرنے والا 4 دفعہ عمرہ کر سکتا ہے۔ سعودی حکومت عمرہ ویزا کی کوئی فیس وصول نہیں کرتی، پاکستانی حکام عمرہ آپریٹرز کی طرف سے 80 ہزار سے ایک لاکھ روپے ویزا فیس وصول کرنے کی شکایات کا فوری نوٹس لیں۔ وزیر مذہبی امور نے کہا کمپنی اور وزارت کے حکام کے درمیان حج آپریشن کے دوران رجسٹریشن کا نظام متعارف کرانے کےلئے بات چیت جاری ہے۔ کمپنی کے کنٹری ڈائریکٹر نے بتایا ہے کہ ان کے پاس 20 موبائل رجسٹریشن سنٹرز بھی موجود ہیں جو رش والے علاقوں میں گھوم کر رجسٹریشن کریں گے۔ مزید برآں راولپنڈی میں صوت المجلس پاکستان کے تحت کل پاکستان بین المدارس تقریری مقابلوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا سعودی طرز پر اذان اور نماز کے وقت یکساںکرنے کےلئے علماءکرام تجاویز دیں۔