سرینگر لہہ شاہراہ رات کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند
سرینگر(آن لائن)مقبوضہ کشمیر میں لداخ کو وادی کشمیرسے ملانے والی 434کلومیٹر طویل سرینگر لہہ کی اہم شاہراہ کو رات کے وقت گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کردیا گیا ہے تاکہ شدید سردی اور سڑک پر پھسلن کی وجہ سے پیش آنے والے کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جاسکے۔ ایک سرکاری عہدیدار نے بتایاہے کہ ڈیویژنل کمشنر کشمیر کی ہدایت پر ہم نے شاہرا ہ کو رات کی ٹریفک کے لیے بند کردیا ہے۔ ڈیویژنل کمشنر کشمیر کے ایک حکمنامے کے مطابق سونہ مرگ گمری روڑ تاحکم ثانی رات کے دوران گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند رہے گی۔ ایس ایس پی ٹریفک فیاض احمدلون نے ایک میڈیا انٹرویو میں کہاکہ سڑک کو رات کے دوران ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص زوجیلا، مین مرگ، زیرو پوئنٹ ، انڈیا گیٹ اور دیگر جگہوں پر سڑک پر پھسلن ہے جہاں درجہ حرارت نکتہ انجماد سے نیچے گر گیا ہے۔