موصل آپریشن، نمرود شہر کے اطراف میں عراقی پرچم لہرا دیا گیا
موصل(این این آئی)عراق کے شمالی شہر موصل میں شدت پسند گروپ داعش کے خلاف عراقی اور اتحادی ممالک کی فوجوں کا مشترکہ آپریشن جاری ہے۔ عراقی فوج نے نمرود شہر کو داعش سے چھڑانے کے بعد اب اس کے اطراف کے کئی قصبات بھی داعش سے واپس لے کران پر عراقی پرچم لہرا دیے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق موصل کے مشترکہ آپریشن اور ’’نینویٰ ہم آ رہے ہیں‘ نامی فوجی کارروائی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل امیر رشید یار اللہ نے بتایا کہ عراقی فوج کے بریگیڈ نو کے جوانوں نے کارروائی کرتے ہوئے نمرود شہر کے اطراف کے کئی مقامات داعش سے چھڑا لیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شمالی نمرود سے متصل اہم قصبے قری شور اور کھریز کو داعش سے چھڑانے کے بعد ان پر عراقی پرچم لہرا دیے ہیں۔ جنرل رشید یاراللہ نے بتایا کہ تازہ لڑائی میں داعش کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا گیا ۔