جعلی خبروں سے نمٹنے کے لیے فیس بک کے تفصیلی منصوبے کا اعلان

جعلی خبروں سے نمٹنے کے لیے فیس بک کے تفصیلی منصوبے کا اعلان

  



نیویارک(این این آئی)فیس بک کے سربراہ مارک زکربرگ نے فیس بک پر جعلی خبروں کی اشاعت روکنے کے لیے نیا منصوبہ تیار کیا ہے اور اْن کے مطابق نئی منصوبہ سازی سے کسی حد اس مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق جعلی خبروں پر روک تھام کے لیے منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے مارک زکربرگ نے غلط خبروں کو سنجیدگی سے لینے اور ان کی اچھی طرح سے جانچ اور تصدیق کرنے پر زور دیا ۔فیس بک پر اپنی ایک پوسٹ میں انھوں نے کہا کہ ہم اس مسئلے پر کافی عرصے سے کام کر رہے ہیں اور ہم اپنی اس ذمہ داری کو سنجیدگی سے لیتے ہیں۔لیکن انھوں نے یہ بھی کہا کہ یہ مسائل فلسفیانہ اور تکنیکی دونوں نقطہ نظر سے کافی پیچیدہ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی طرح کی رائے کے شیئر کرنے کی حوصلہ شکنی نہیں کرنا چاہتے اور نہ ہی سچ کا ثالث بننا چاہتے ہیں۔

مارک زکربرگ نے کہا کہ فیس بک غلط خبروں کی بیخ کنی کے لیے فی الحال، بشمول اچھی طرح سے پتہ لگانے اور تصدیق کرنے سمیت، ایسی سات تجاویز پر بڑی محنت سے کام کر رہا ہے۔اس کے تحت غلط خبروں پر جعلی مواد کا وارننگ لیبل بھی لگانے کی تجویز زیر غور ہے۔حال ہی میں فیس بک پر غلط خبروں کے معاملے پر تنازع اس وقت کھڑا ہوا تھا جب بعض صارفین نے کہا کہ فیس بک پر پھیلنے والی غلط خبریں امریکی صدارتی انتخاب کے نتائج پر اثرا انداز ہوئی ہیں۔اس سے قبل زکربرگ نے فیس بک پر جعلی خبروں پر ہونے والی تنقید کے جواب میں کہا تھا کہ اْن کی نظر میں 99 فیصد مواد صحیح تھا۔فیس بک نے ان الزامات کو بھی مسترد کر دیا تھا کہ ان کے پلیٹ فارم کے ذریعے صدارتی انتخاب سے قبل جعلی خبریں پھیلائی گئی تھیں۔فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے اس تنقید کا بھرپور دفاع کیا تھا کہ فیس بک پر پھیلائی جانے والی جعلی خبروں سے ڈونلڈ ٹرمپ کو انتخابات میں مدد ملی تھی۔انھوں نے امریکہ کے حالیہ صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت میں کردار ادا کرنے کی بھی تردید کی تھی۔لیکن کمپنی نے اس بات کی چھان بین کا آغاز کر دیا تھا کہ کیسے فیس بک پر جعلی خبریں پھیلیں۔

مزید : عالمی منظر