کو آپریٹو بنک دیگر بنکوں کے ماتھے کا جھومر بن کر سامنے آئیگا، اقبال چنڑ
لاہور(خبرنگار )پنجاب کو آپریٹو بنک نے فصل ربیع 2016-17 ء کی مد میں2500 ملین روپے اور سالانہ11ارب روپے سے زائد کے فنڈز مختص کئے ہیں۔غیر فعال قرضہ جات کی مد میں صوبہ بھر میں فصل خریف2016ء اور غیر فعال قرضہ جات کی وصولی مہم ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے جبکہ بنک متعدد سکیموں کے تحت بھی قرضہ جات جاری کر رہا ہے۔بنک کا ڈیٹا سنٹر بھی فنکشنل ہونے کے آخری مراحل میں ہے۔ جس کے بعد بنک کو ون لنک سسٹم کے ساتھ منسلک کر دیا جائے گا۔صوبائی وزیر کو آپریٹو ملک محمد اقبال چنڑ نے اتوار کو یہاں محکمانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فصل ربیع2016-17ء اور فصل خریف 2015ء کے قرضوں کی وصولی میں تیزی لائی گئی ہے۔قرضوں کے اجراٗ اور وصولی مہم کو مقررہ ہدف کے مطا بق مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صارفین کو جدید بنکنگ کی تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔جلد مستقبل میں کو آپریٹو بنک دیگر بنکوں کے ماتھے کا جھومر بن کر سامنے آئے گا۔