انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں 31دسمبر تک توسیع کی جائے :لاہور چیمبر

انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں 31دسمبر تک توسیع کی جائے :لاہور چیمبر

  



لاہور(کامرس ڈیسک) لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط، سینئرنائب صدر امجد علی جاوا اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں 31دسمبر تک توسیع کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے آن لائن سسٹم کی سست روی، خامیوں ، پیچیدگیوں اور دیگر بہت سے مسائل کی وجہ سے تاجر برادری کی بہت بڑی تعداد ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرواسکی اور رواں ماہ کے اختتام تک بھی یہ کرنا پانا ممکن نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں پہلے ہی انتہائی مشکل حالات میں کاروبار کررہے ہیں لہذا فیڈرل بورڈ آف ریونیو انہیں ڈیڈ لائن دینے کے بجائے سہولت دے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کی جانب سے ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں 31دسمبر تک توسیع کا مطالبہ اس بات کا مظہر ہے کہ تاجر ٹیکس ادائیگی کی صورت میں اپنا قومی فریضہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ توسیع صرف تاجروں ہی نہیں بلکہ فیڈرل بورڈ کے مفاد میں بھی ہے کیونکہ اس سے اْسے اپنے ٹیکس وصولی کے اہداف پورے کرنے میں مدد ملے گی جبکہ حکومت اور تاجر برادری کے درمیان اعتماد سازی بھی ہوگی جو معاشی حوالے سے بہت ضروری ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو پر زور دیا کہ وہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں فوری توسیع کا اعلان کریں۔

مزید : کامرس