اساتذہ کو سزائیں دینا اور حقوق سلب کرنا تعلیمی نظام کیلئے خطرناک ہے،رانا لیاقت
لاہور(خبرنگار) پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی جنرل سیکرٹری رانا لیاقت علی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب جان لیں کہ تعلیمی ترقی اساتذہ کی مرہون منت ہے۔ اساتذہ کو سزائیں دینا اور حقوق سلب کرنا تعلیمی نظام کے لئے خطرناک ہے۔ نامساعد حالات میں بھی اساتذہ اپنی بساط سے بڑھ کر تدریسی فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ لیکن حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ وزیر اعلی پنجاب کو اساتذہ کے عزت و وقار میں اضافے کیلئے خصوصی اقدامات کرنا ہوں گے۔ اساتذہ کی اپ گریڈیشن پرائمر ی و ایلیمنٹری گریڈ 16اور جبکہ ایس ایس ٹی گریڈ 17 سے کم قبول نہ ہوگی۔پرائمری اساتذہ کو گریڈ 12 ، ایلیمنٹری اساتذہ کو گریڈ 15میں اپ گریڈ کرنا اساتذہ میں مایوسی پیدا کرنے کے مترادف ہوگا۔
کیونکہ اس وقت پنجاب بھر میں 50 فیصد اساتذہ گریڈ 12 و گریڈ14 میں جبکہ 50فیصد ایلیمنٹری اساتذہ گریڈ 15اور گریڈ16 میں کام کر رہے ہیں۔نوجوان پوسٹ گریجوایٹ ، ایم فل و پی ایچ ڈی اساتذہ کو تدریسی پیشے سے وابستہ رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ انہیں دیگر محکمہ جات کے ملازمین کے مقابلے میں اعلی سکیل دیئے جائیں۔ کیونکہ میٹرک پاس سپرنٹنڈنٹ کو گریڈ 17 اور سینئر کلرک کو گریڈ 14 دیا جار ہا ہے۔ لہذا ضروری ہے کہ ٹیچنگ جسیے مقدس پیشے کی معاشرے میں اہمیت بڑھانے کے لئے پرائمری و ایلیمنٹری اساتذہ کو گریڈ 16 اور ایس ایس ٹی اساتذہ کو گریڈ 17 میں اپ گریڈ کیا جائے۔ اس سے محکمہ تعلیم کے انتظامی امور میں بھی بہتری آئے گی اور مسائل میں کمی واقع ہوگی۔