ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے دبا کر ذخائر بڑھانے سے عوام خوشحال نہیں ہوں گے،مراد راس
لاہور(نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے دبا کر ذخائر بڑھانے سے عوام خوشحال نہیں ہوں گے حکمران مصنوعی معاشی خوشحالی کاڈھول پیٹ رہے ہیں زمینی حقائق اس کے بالکل مختلف ہیں پنجاب حکومت کے ایم او یو کر لینے سے معاشی صورت حال بہتر نہیں ہو گی عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں کارکنوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر طبقہ کے لوگ پنجاب حکومت کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں ریڑھی بان، دکاندار، کاروباری یہاں تک کے سرکاری ملازمین کا بھی معاشی قتل کیا جا رہا ہے اُن کا جسم اورروح کا رشتہ قائم رکھنا مشکل ہو گیا ہے ریڑھی بان جو دو تین ہزار کی چیزوں کو بیچ کر اپنا گزر بسر کر رہا ہے وہ بھی حکومت 27 فیصد ٹیکس دینے پر مجبور ہے جس پر حکمران طبقہ عیاشیاں کرتا پھر رہا ہے انہوں نے کہا کہ قوم مسلم لیگ ن کی کرپشن سے تنگ آ چکے ہیں اور جلد از جلد ان سے نجات چاہتے ہیں۔