قومو ں کا مستقبل فروغ تعلیم سے وابستہ ہے،میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن

قومو ں کا مستقبل فروغ تعلیم سے وابستہ ہے،میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن

لاہور(خبر نگار)صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہاہے کہ قومو ں کا مستقبل فروغ تعلیم سے وابستہ ہے اس حوالے سے یہ بات خوش آئندہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے 2008ء سے فروغ تعلیم کا منظم اور مربوط پروگرام شروع کررکھاہے جس کے تحت صوبہ کے بے وسیلہ اور دور دراز علاقوں میں رہنے و الے بچوں کی تعلیم تک رسائی عام کرنے میں خصوصی مدد ملی ہے اس کا فائدہ یہ ہواہے کہ جہالت کاخاتمہ ہواہے او رپوری قوم تعلیم حاصل کر کے قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کررہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دی پنجاب سکول کوٹ خواجہ سعید میں بورڈ کے پوزیشن ہولڈرز کی تقریب تقسیم انعامات میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیئرمین مکہ فاؤنڈیشن ڈا کٹر غلام اکبر خان نیازی ، چیف ایگزیکٹو پنجاب سکول سیداحسان اللہ وقاص اور پرنسپلز صاحبان نے شرکت کی ۔صوبائی وزیر نے اپنے خطاب میں کہاکہ فروغ تعلیم کے ساتھ ساتھ حکومت نے ایسے اقدامات کئے ہیں جن سے لوگوں کی سماجی و معاشی حالت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ہمارا مقصد انسانی وسائل کو بہترین انداز میں ترقی دینا ہے اس طرح ملک کو مختلف شعبوں کے لئے ہنر مند افراد میسر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں فروغ تعلیم کے لئے بجٹ کا 27فیصد حصہ خرچ کیا جا رہاہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے ۔صوبائی حکومت نے سکول ایجوکیشن کی بہتری کے ساتھ ساتھ یتیم او ربے وسیلہ بچوں کی تعلیم تک رسائی کو یقینی بنا کر حقوق اطفال کے تقاضے پورے کئے ہیں ۔دوسری جانب نجی شعبہ کو فروغ تعلیم میں بھر پور کردار ادا کرنے کے لئے موافق ماحول فراہم کیا گیاہے۔ انہوں نے کہاکہ شمالی لاہو رکے مکینوں کے لئے تعلیم کی فراہمی ہماری اہم ترجیح ہے ۔اس حوالے سے نجی سکولوں کا کردار اہمیت کاحامل ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ نجی تعلیمی ادارے شمالی لاہو رکے مکینوں کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے کے لئے آگے آئیں تاکہ اس علاقہ کے بچوں کو گھروں کے نزدیک تعلیم میسر آسکے۔صوبائی و زیر مجبتی شجاع الرحمن نے مزید کہا کہ تعلیم پر کسی طبقہ یا فرد کی اجارہ داری نہیں ، مسلم لیگ( ن) کی حکومت نے انڈوومنٹ فنڈ او رپنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ذریعے غربت کا شکار لا کھوں گھرانوں کو مفت و معیاری تعلیم کی سہولت دی ہے ۔ہماری کوشش ہے کہ بے وسیلہ او رمتوط طبقات کے بچے جدید سائنسی علوم پر دسترس حاصل کر کے ملک کی باگ ڈور سنبھا لیں ۔ اس طرح ملک و قوم کی ترقی میں تمام طبقات یکساں طو رپر شریک ہوں گے ۔بعدازاں مجبتی شجاع الرحمن نے بورڈ کے پوزیشن ہولڈرز بچوں میں انعامات تقسیم کئے ۔دریں اثناء صوبائی وزیر ایکسائز نے اپنے حلقہ 141کی یونین کونسل نمبر22کا وزٹ کیا اوروہاں ترقیاتی کاموں کاجائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شمالی لاہو رکی ترقی کے لئے تمام وسائل بروئے کا رلا ئے جا رہے ہیں ا س حوالے سے علاقہ میں پینے کے صاف پانی ، گیس کی سپلائی اور سڑکوں کی تعمیر ومرمت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1