تمام گھروں میں ڈینگی کے سلسلہ میں چیکنگ کا عمل مزید تیز کیا جائے،نثار حسن

تمام گھروں میں ڈینگی کے سلسلہ میں چیکنگ کا عمل مزید تیز کیا جائے،نثار حسن

  



لاہور(خبر نگار)محکمہ کو آپریٹو کے جوائنٹ رجسٹرار نثار حسن زیدی نے ٹاؤن ایڈمنسٹریشن اقبال ٹاؤن میں منعقدہ انسداد ڈینگی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹاؤن بھر واقع تمام گھروں میں ڈینگی کے سلسلہ میں چیکنگ کے عمل کو مزید تیز تر کیا جائے اورتعاو ن نہ کرنے والے مکینوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے۔جس گھر،پلاٹ ،فیکٹریوں،ورکشاپوں ،اور گوداموں کے علاوہ ہسپتالوں میں لاروا پایا جائے کے مالکان کے خلاف مقدمات کروائے جائیں۔ تمام سرکاری و پرائیویٹ ہسپتالوں میں ڈینگی کے حوالے سے کئے جانے والے انتظامات کی چیکنگ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ہدایت پر عمل نہ کرنے والے ہسپتالوں کے خلاف سخت اقدامات عمل میں لائے جائیں۔تمام قبرستانوں میں صفائی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔سرویلینس ٹیموں کی کارکردگی کے لئے اچانک دورے کئے جائیں۔ انسداد ڈینگی کے سلسلے میں ماہانہ ما ئیکرو پلان پر عملدر آمد نہ کرنے والے ٹاؤن ا فسران،متعلقہ محکمہ جات اور یونین کونسلوں کے سیکرٹریوں کے خلاف سخت اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔اس سلسلے میں تمام افسران کے باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے گی تاکہ کام نہ کرنے والوں کا قبلہ درست کیا جا سکے۔ جن افسران کی ڈینگی کے حوالے سے کارکردگی غیر تسلی بخش پائی گئی کے خلاف متعلقہ محکموں کو سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی جائے گی۔ عوام میں اس بات کا بھی شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ ڈینگی سرویلینس ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاو ن کریں تاکہ ڈینگی لاروے کے ٹھکانوں اور پرورش گاہوں کا فوری خاتمہ ہو سکے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر علی شہزاد نے بتایا کہ مختلف ٹیموں نے ٹاؤن بھر میںآؤٹ ڈور اور انڈور کی سطح پربھی ہزاروں سپاٹ اور کنٹینرز چیک کئے۔چیکنگ کے دوران65 مقامات پر ایڈیس لاروا پایا گیا جسے فوری تلف کر دیا گیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1