پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ کے ڈاکٹرز شاندار خدمات سرانجام دے رہے ہیں،غیاث النبی

پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ کے ڈاکٹرز شاندار خدمات سرانجام دے رہے ہیں،غیاث ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبرنگار) پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ سے مختلف طبی شعبوں میں سپیشلائزیشن کرنے والے ڈاکٹرز اندرون و بیرون ملک میں طبی درسگاہوں میں شاندار تدریسی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ لاہور جنرل ہسپتال سے منسلک امیر الدین میڈیکل کالج نے اس سال پنجاب بھر میں سو فیصد نتائج حاصل کرنے والے واحد کالج کی حیثیت سے پہلی پوزیشن حاصل کرکے اپنی برتری سب پر ثابت کردی۔ایل جی ایچ میں گزشتہ مالی سال کے دوران ملک بھر سے آنے والے 15لاکھ سے زائد مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی گئی۔ یہ بات پرنسپل پی جی ایم آئی و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر غیاث النبی طیب نے گزشتہ روز سول سروس اکیڈمی کے 44ویں کامن کے زیر تربیت افسران کے ایک وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی ۔ زیر تربیت افسران جنرل ہسپتال کے مطالعاتی دورے پر آئے تھے۔اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر غلام صابر و دیگر انتظامی ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔پروفیسر غیاث النبی طیب نے نوجوان آفیسر ز کو ہسپتال کے مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کے مقدس مشن کی تکمیل اس وقت تک ممکن نہیں جب تک حکومت کے ساتھ معاشرے کے مخیر حضرات بھی اس میں اپنا حصہ نہ ڈالیں ۔انہوں نے کہا کہ پی جی ایم آئی ایک ایسا ادارہ ہے جو بیرونی ممالک میں پاکستان کی طبی سفیر کا کردار ادا کر رہا ہے کیونکہ ہر سال خطے کے ممالک کے درجنوں طلبا اس ادارے سے مختلف طبی شعبوں میں سپیشلائزیشن کر کے اپنے وطن جا کر دکھی انسانیت کی خدمت کرتے ہیں۔ ڈاکٹر غیاث النبی طیب نے زیر تربیت افسران کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں ملک کے انتظامی شعبوں کے امور سنبھال کر قومی خدمت کا فریضہ سرانجام دیں گے۔ زیر تربیت افسران نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا ۔افسران نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز، ڈائلسز سنٹر، شعبہ گیسٹرو انٹرولوجی ، ایمر جنسی اور نیورریڈیالوجی دیکھے اور سہولیات کی فراہمی کے معیار کو سراہا۔