حکومت داخلی اور خارجی محاذ پر بری طرح ناکام ہوگئی،اعجازچودھری

حکومت داخلی اور خارجی محاذ پر بری طرح ناکام ہوگئی،اعجازچودھری

لاہور( نمائندہ خصوصی )پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے سابق صدر اعجاز احمد چودھری نے کہا ہے کہ بادشاہوں اورغیر ملکی حکمرانوں سے ذاتی تعلقات بنانے والے حکمران قومی مفادات کا تحفظ نہیں کرسکتے، حکمران جماعت (ن)لیگ داخلی اور خارجی محاذ پر بری طرح ناکام ہوچکی ہے، بارڈر پر بڑھتی ہوئی کشیدگی پر پی ٹی آئی گہری تشویش کا اظہار کرتی ہیں اور بھارتی جارحیت کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ پانامہ لیکس کے حوالے سے قطری شہزادے کا خط سامنے آگیا ہے ماضی میں بھی نواز شریف ہیلی کاپٹر کی خریداری کیس میں بھی ایک شہزادے کا خط سامنے آیا تھا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گز شتہ روز سیکرٹری جنرل آزاد کشمیر و ایم ایل اے غلام محی الدین دیوان کی رہائش گا ہ پر پریس کانفرنس کے دوران کیا جبکہ اس موقع پر شبیر سیال ، ولید اقبال ، حماد اظہر ، ثوبیہ کمال ، سعدیہ سہیل ، محمد مدنی ، ملک وقار ، فاروق آزاد ، سعید ڈار ، ثاقب سلیم بٹ، ذکاء دیوان ، رانا اخترحسین، چا چا پی ٹی آئی، اشتیاق ملک،فہد شہزاد سمیت دیگر بھی موجو د تھے ۔ انہوں نے کہاکہ پانامہ لیکس کا کیس عمران خان کا نواز شریف کے خلاف ذاتی کیس نہیں ہے بلکہ یہ بدعنوان حکمرانوں کے خلاف عوام کا کیس ہے اگر آج ایک کرپٹ حکمران کو بدعنوانی کی سزا مل گئی تو پھر کوئی حکمران ملک و قوم کو لوٹنے کی جرات نہیں کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کشمیریوں کی سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت جاری رکھے گی اور مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔

مزید : صفحہ آخر