سمن آباد ،فائرنگ سے زخمی ایک شخص چل بسا ،ہلاکتوں کی تعداد 5 ہو گئی
لاہور(وقائع نگار)سمن آبادمیں گزشتہ روز فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک اور شخص ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہو گئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثاکے حوالے کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق سمن آباد میں واردات کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے باپ بیٹے سمیت چار افراد کو قتل جبکہ دو افراد کو زخمی کر دیا تھا جنہیں سروسز ہسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں سلیم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد پانچ ہو گئی۔پولیس نے باپ بیٹے سمیت چار افراد کا پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد لاشیں لواحقین کے حوالے کر دیں۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق امجد علی کو پانچ، تنزیل کو چار جبکہ عباس اور فرحان کو دو‘ دو گولیاں لگیں۔ پولیس کا کہناہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ جلد ہی اصل حقائق سامنے آ جائیں گے۔ پولیس نے مقتول امجد علی کے بیٹے زیب علی کی مدعیت میں قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔