مہاجرتحریک میں خواتین کا کردار فراموش نہیں کرسکتے،آفاق احمد

مہاجرتحریک میں خواتین کا کردار فراموش نہیں کرسکتے،آفاق احمد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چےئرمین آفاق احمد نے لائنزایریا میں خواتین ورکرز سے خطاب کرتے ہوئی کہا کہ شناخت سے انکار کر کے اپنا وجود کھونا نہیں چاہتے ، ہم کسی سے نفرت کا درس نہیں دیتے لیکن مہاجر کا مہاجرسے محبت کرنا ایک دوسرے کی مدد کرنا اور متحد ہوکراجتماعی مفادات کے لئے کام کرنا جرم نہیں ہمارا حق ہے۔آفاق احمد نے کہاکہ وزیر اعظم نوازشریف کو چھوٹے صوبوں کے مسائل سے دلچسپی ہے نہ وہاں کے عوام میں پائی جانے والی بے چینی کی پرواہ ہے۔ انہوں نے کہا حکومت، پنجاب کے علاوہ تمام صوبوں بالخصوص سندھ اور بلوچستان کو حکومتی مشینری کے ذریعے کنٹرول کررہی ہے جو ملکی مفاد میں نہیں ہے۔ آفاق احمد نے کہا کہ مہاجر قوم کو یہ فیصلہ کرلینا چاہئے کہ وہ اپنے بزرگوں کے بنائے ہوئے پاکستان کو تباہی سے بچانے اور اسے مستحکم بنانے کیلئے پہلے اپنے آپ کو مضبوط و متحد کریں گے

،مہاجر قوم طے کرلے کہ مہاجر قوم اور پاکستان کا مستقبل لڑائی نہیں پڑھائی ہے ۔آفاق احمد نے کہاقوم کو ہضم کرنا ہوگا کہ انہیں چاہے چٹنی روٹی کھانی پڑے وہ گذارا کریں گے لیکن قوم کے مستقبل کی خاطر بچوں کی پڑھائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ مہاجر قوم اپنے اتحاد سے ثابت کردے گی کہ یہ ہم باصلاحیت اور حوصلہ مند قوم ہیں ،ہمیں کسی غیر کے سہارے کی ضرورت نہیں بلکہ ضرورت پڑنے پر دوسروں کو سہارا دیں گے۔

مزید : علاقائی