خطے میں امن کی خواہش کو کمزوری ہر گز نہ سمجھا جائے ،دشمن کی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینگے سربراہ پاک بحریہ

خطے میں امن کی خواہش کو کمزوری ہر گز نہ سمجھا جائے ،دشمن کی مہم جوئی کا منہ ...

  



 کراچی( ما نیٹرنگ ڈیسک ،اے این این)پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکااللہ نے کہا ہے کہ خطے میں امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے،دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینگے، سی پیک اورگوادرپورٹ کے تناظرمیں مشقوں کی اہمیت بڑھ گئی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک چائنہ مشترکہ بحری مشقوں کے معائنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف ایڈمرل ذکااللہ نے پی این ایس یونٹس کادورہ بھی کیا،چیف آف نیول اسٹاف نیپاک چین مشترکہ بحری مشقوں کامعائنہ کیا،چینی جہازکے کپتان چی شنگ نے اپنے جہازپرنیول چیف کااستقبال کیا،ایڈمرل ذکااللہ کاچینی جہازکے افسران سے پیشہ وارانہ امورپرتبادلہ خیال کیا ہے،نیول چیف نے افسروں اورجوانوں کی کارکردگی کوسراہا ہے۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکااللہ نے کہا کہ سی پیک اورگوادرپورٹ کے تناظرمیں مشقوں کی اہمیت بڑھ گئی ہے، ہرمہم جوئی کامنہ توڑجواب دیاجائے گا،خطے میں امن کی خواہش کوکمزوری نہ سمجھاجائے،مشقوں سے پیک چین بحری اشتراک کوفروغ ملے گا،پاکستان اورچین کے درمیان مستحکم اورتاریخی تعلقات ہیں۔بحری مشقوں میں پاکستان اور چین کے بحری جہازوں، ہیلی کاپٹرز، میری ٹائم پٹرول کرافٹ کے وسیع رینج کے میری ٹائم اور نیول آپریشنز، سپیشل فورسز کے جوائنٹ بورڈنگ آپریشنز، فضائی دفاع کی مشقوں، مواصلاتی رابطوں کی مشقوں اور جہازوں کی مشترکہ مہارتوں کا جائزہ لیا گیا۔

سربراہ پاک بحریہ

مظفر آباد/اسلا م آباد/چڑھوئی(مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن)بھارتی فورسز کا کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جبکہ پاک افواج نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔میڈیا اطلاعات کے مطابق بھارتی سکیورٹی فورسز نے لائن آف کنٹرول پر وادی نیلم کے کیل سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی تاہم کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ پاک فوج کی جانب سے بھی بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جس میں دشمن کی فوج کو بھاری جانی و مالی نقصان ہونے کی اطلاعات ہیں۔چڑھوئی آزاد کشمیر کیری سیکٹر میں ہفتہ کے روز بھارتی فائرنگ سے شہید ہونیوالے چار بچوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں اپوزیشن لیڈر آزاد کشمیر چودھری یاسین سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خرابی موسم کی وجہ سے جنازے میں شرکت نہ کر سکے۔ پاک آرمی کے نوجوانوں نے نماز جنازہ میں شرکت کی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ دوسری جانب پاکستان نے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول اورورکنگ باؤنڈری کی مسلسل خلاف ورزی اور عام شہریوں کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافے کے بعد مودی حکومت کے عزائم کوناکام بنانے کیلئے سخت ترین سفارتی و جوابی جنگی اقدام پر غور شروع کردیا۔اس اقدام کے تحت اگر بھارت نے ان خلاف ورزیوں کوختم نہ کیا تو عالمی برادری کو صورتحال سے آگاہ کرنے کے بعد اپنے دفاع کے آپشن کے طور تینوں محاذوں پرفاسٹ ٹریک جنگی حکمت عملی کے تحت بھرپور جواب دیاجائے گا۔وفاقی حکومت کے اہم ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارت کو واضح سفارتی پیغامات بھیجنے کے بعد مودی سرکار اپنے عزائم سے باز نہیں آرہی اورعام شہریوں کو نشانہ بنارہی ہے۔ وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ بھارتی خلاف ورزیوں اورعام شہریوں کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافے سے متعلق ہنگامی بنیاد پراقوام متحدہ، پورپی یونین اور تمام ممالک کی حکومتوں کودوبارہ آگاہ کیا جائے گااور مطالبہ کرے گا کہ بھارت کو ان خلاف ورزیوں سے روکا جائے۔وزیراعظم نے اس سلسلے میں دفتر خارجہ کو رابطے کی ہدایت کردی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کی مداخلت کے بعد بھی اگر مودی حکومت اپنے عزائم سے باز نہیں آئی تو پھر پاکستان ہر محاذ پر بھارت کو سخت ترین جواب دے گا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ، امریکا، چین سمیت اہم ممالک نے بھارت کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ اپنی موجودہ پالیسی پر نظر ثانی کرے اور مسائل کو مذاکرات سے حل کرے۔ بھارت اس صورتحال سے باز نہ آیا توپھر عالمی سطح پر مودی حکومت کو مختلف پاپندیوں یا مشکلات کاسامنا کرنا پڑسکتا ہے۔پاکستان نے عالمی برادری پر واضح کیا ہے وہ بھارت سے کشیدگی نہیں چاہتا ہے۔مسائل مذاکرات سے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے تاہم اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو اپنے دفاع کیلیے تمام آپشنز اختیار کریگا۔پاکستان آخری حکمت عملی کے تحت بھارت سے تعلقات ختم کرسکتا ہے۔

بھارتی فائرنگ

مزید : صفحہ اول