شہباز شریف نے رواں مالی سال ڈیڑھ لاکھ لیپ ٹاپ خرید نے کی منظوری دیدی

شہباز شریف نے رواں مالی سال ڈیڑھ لاکھ لیپ ٹاپ خرید نے کی منظوری دیدی

  



 لاہور(سٹی رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبے کے ذہین اور ہونہار طلباء و طالبات کیلئے لیپ ٹاپ کی خریداری کے امور پر پیشرفت کا جائزہ لیاگیا۔وزیر اعلیٰ نے رواں مالی سال ڈیڑھ لاکھ لیپ ٹاپ فوری طورپر خریدنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ لیپ ٹاپ کی خریداری کا تمام عمل جلد سے جلد مکمل کیا جائے اور طلباء و طالبات کیلئے جدید ترین ماڈل کے لیپ ٹاپ خریدے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ کی تقسیم کا پروگرام نوجوانوں کوبااختیار بنانے کی جانب اہم قدم ہے اورپنجاب حکومت اربوں روپے کی لاگت سے لاکھوں لیپ ٹاپ پہلے ہی ہونہار طلباء وطالبات میں تقسیم کرچکی ہے جبکہ رواں مالی برس میرٹ کی بنیاد پر اربوں روپے کے مزید ڈیڑھ لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے ۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ لیپ ٹاپ کی خریداری کے امور میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں ہونی چاہیے اورتمام امور انتہائی شفاف انداز سے فوری طورپر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ کی تقسیم کے پروگرام سے نوجوان عصر حاضر کے جدید تقاضو ں سے ہم آہنگ ہو رہے ہیں اور لیپ ٹاپ کے ذریعے نوجوان نت نئی ایجادات اور دنیا بھر میں بدلتے ہوئے حالات سے آگاہی حاصل کر رہے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے وسائل کی فراہمی سود مند سرمایہ کاری ہے اور پنجاب حکومت قوم کے بچوں اور بچیوں کو جدید علوم سے آگاہی دینے کے پروگراموں کیلئے وسائل کی فراہمی میں کمی نہیں آنے دے گی۔انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنا وقت اہم ترین تقاضا ہے اور یہی وجہ ہے کہ صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے انتہائی موثر اقدامات کئے گئے ہیں ۔نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کر کے بااختیار بنانا ہمارا مشن ہے اورمیرٹ کی بنیاد پر نوجوانوں میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کے پروگرام کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم واحد راستہ ہے جس پر چل کر معاشرے سے انتہاپسندی کے رحجانات کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے ۔پنجاب حکومت نے معیاری تعلیم اور جدیدعلوم کے فروغ کیلئے انقلابی نوعیت کے اقدامات کئے ہیں۔ صوبے کے سکولوں میں اربوں روپے کی لاگت سے آئی ٹی لیبز قائم کی گئی ہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے ڈیڑھ لاکھ سے زائد کم وسیلہ خاندانوں کے ہونہار بچے اور بچیاں اعلی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کررہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے فروغ تعلیم کیلئے کئے گئے اقدامات امیر اور غریب کے درمیان خلیج کو کم کرنے کا باعث بن رہے ہیں ۔صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن بیگم ذکیہ شاہنواز ، چیف سیکرٹری ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات ، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے سندھ سے تعلق رکھنے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے شیرازی برادران نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی بے لوث خدمت ہے اورعوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے پروگراموں پر اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں اور2013ء کے مقابلے میں آج کا پاکستان پہلے سے زیادہ محفوظ ،پرامن اور معاشی طورپر مستحکم ہے اور قومی معیشت مضبوط ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمدنواز شریف کی قیادت میں پاکستان امید،امن اور روشنیوں کے سفر کی جانب رواں دواں ہے۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت توانائی بحران اوردہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے ۔ اجتماعی کاوشوں اورمشترکہ بصیرت کو بروئے کار لاکر ملک کودرپیش چیلنجز سے چھٹکارا دلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ ملکی مفاد کو مقدم رکھا ہے اور مسلم لیگ (ن ) نے سیاست میں شائستگی ،رواداری اور جمہوری اقدار کو فروغ دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا سفر کامیابی سے طے کریں گے۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں ایم این اے ایاز علی شاہ شیرازی، سابق ایم این اے سید شفقت حسین شیرازی اور ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) ٹھٹھہ حاجی محمد حنیف میمن شامل تھے۔

شہباز شریف

مزید : صفحہ اول