جنوبی افریقہ کیخلاف تیسراٹیسٹ،آسٹریلین سکواڈ میں 6تبدیلیاں

جنوبی افریقہ کیخلاف تیسراٹیسٹ،آسٹریلین سکواڈ میں 6تبدیلیاں

  



سڈنی(آئی این پی) بحران سے دوچار آسٹریلین ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کیلئے اپنے اسکواڈ میں حیران کن طور پر چھ تبدیلیاں کر دی ہیں۔ 12 رکنی اسکواڈ میں سلیکٹرز نے انگلینڈ میں پیدا ہونے والے 20 سالہ اوپنر رین شا کے ساتھ ساتھ پیٹر ہینڈ کومب اور نک میڈنسن کو بھی شامل کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ فاسٹ بالر چیڈ سیئرز اور جیکسن برڈ کے ساتھ ساتھ میتھیو ویڈ کو بھی 12 رکنی اسکواڈ میں شامل کر کے وکٹ کیپر بلے باز پیٹرل نیول کو فارغ کردیا ہے۔ دوسرے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 80 رنز کی شکست سے دوچار ہونے والی ٹیم سے پیٹر نیول کے ساتھ ساتھ مسلسل ناکامی سے دوچار جو ئے نبرنس، ایڈم ووگس، کلم فرگیوسن اور جو مینی کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا کی مایوس کن کارکردگی اور مسلسل پانچویں ٹیسٹ میچ میں شکست پر چیف سلیکٹر روڈنی مارش نے استعفی دے دیا تھا۔ قائم مقام سلیکٹر ٹریور ہونز نے بتایا کہ ایڈم ووجز، مچل مارش اور اسٹیو اوکیف کو انجری کی وجہ سے ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ یاد رہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم ابتدائی دو ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز اپنے نام کر چکی ہے اور اب آسٹریلیا کو تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوم گرانڈ پر وائٹ واش شکست کے خطرے سے دوچار ہے۔ جمعرات سے ایڈیلیڈ میں شروع ہونے والے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کیلئے آسٹریلین اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ اسٹیو اسمتھ(کپتان)، جیکسن برڈ، پیٹر ہینڈ کومب، جوش ہیزل وڈ، عثمان خواجہ، نیتھن لیوئن، نک میڈنسن، میٹ رین شا، چیڈ سیئرز، مچل اسٹارک، میتھیو ویڈ اور ڈیوڈ وارنر شامل ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی