پی سی پی نے ورکرز فیڈریشن کے عہدیداروں کا اعلان کر دیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) چیئر مین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پا کستان کے حالات کا اندازہ مزدوروں کے حالات دیکھ کر بخوبی لگایا جا سکتا ہے ، اس ملک میں رہنے والے محنت کشوں نے اداروں کو اپنے خون پسینہ دے کر مضبوط بنایا تھا لیکن حکمرانوں نے محنت کشوں کی محنت کو ضائع کر دیا ، آج ملک بھر کے اداروں میں کرپشن کا راج ہے اور مزدوروں کے حقوق کو نظر انداز کردیا گیا ہے ، ہر ادارے میں مزدوروں کا استحصال جاری ہے ۔ مزدوروں کے حقوق پر سرمایہ دار وں کا قبضہ ہے ، محنت کش حالات سے تنگ آکر خودکشیاں کر رہے ہیں ذہنی بیماریوں میں مبتلا ہیں لیکن کوئی بھی مزدوروں کے زخموں پر مرحم رکھنے والا نہیں ہے ، ان خیا لات کا اظہار انہوں نے پاک سر زمین پارٹی کے زیر اہتمام پاک سرزمین ورکرز فیڈریشن کے باقاعدہ اعلان کے موقع پر کیا ،اجلاس میں پارٹی صدر انیس قائم خانی، سیکریٹری جنرل رضاہارون ، سینئر وائس چیئرمین انیس احمد ایڈوکیٹ ، سینئر وائس چیئرمین ڈاکٹرصغیر ، وائس چیئرمین وسیم آفتاب ، وائس چیئرمین اشفاق منگی اور سیکریٹری جنرل افتخاد عالم سمیت دیگر رہنما شریک تھے۔سید مصطفی کمال نے کہا کہ شہر کراچی کے اداروں کو یہاں کے حکمرانوں نے تباہ کر دیا ، کے ایم سی کے ڈی اے جو اس شہر کے ادارے تھے انہیںآپس کی لڑائی میں الجھا دیا ، کبھی کوئی ملازم خودکشی کرتا ہے اورکبھی ملازمین تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاج کرتے ہیں لیکن حکومت ان کے مسئلہ کو حل کرنے کے بجائے ان اداروں کے ملازمین کا معاشی قتل ہوتا دیکھ رہی ہے، انہوں نے پاک سرزمین ورکرز فیڈریشن کے نو منتخب عہدیداروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو پہلے سے زیادہ محنت سے کام کرنا ہو گا اور مزدوروں کے حقوق کے لئے نہ صرف آواز بلند کرنا ہوگی بلکہ ان کے لئے عملی جدوجہد کر نا ہو گی اختلافات کو بھلانا ہے اور سب کے ساتھ مل کر اس ملک کے اداروں کو مضبوط کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے ان اداروں سے پورے پاکستان کی نسلوں کا مستقبل وابستہ ہے، وائس چیئرمین وسیم آفتاب نے کہا کہ اس ملک کے کروڑوں لوگوں کو بیوقوف بنایا جارہا تھا اور سچ بولنا جرم بن گیا توچیئرمین مصطفی کمال اور صدر قائم خانی نے آکر لوگوں کو سچ بتایا اور لوگوں نے ہماری آواز پر لبیک کہا، انہوں نے کہا کہ ہمیں اس وطن پرستی کے کاروان میں شامل ہونے پر فخر ہے ، پاک سرزمین پارٹی کے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ بہت قلیل عرصے میں ورکرز فیڈریشن کا اعلان کیاجا رہا ہے ، اب پاک سرزمین ورکرز فیڈریشن ملک کے تمام اداروں میں مزدوروں کی آوازبنے گی اور مزدوروں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے لیے ہر فورم پر اپنا کلیدی کردار بھی ادا کرے گی ۔