عالمی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016کا انعقاد ملک کیلئے اعزاز ہے ،کمودور طاہر جاوید

عالمی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016کا انعقاد ملک کیلئے اعزاز ہے ،کمودور طاہر جاوید

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نویں عالمی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 اور سیمینار 22 نومبر تا 25 نومبر تک ایکسپو سینٹر کراچی میں ہوگی۔ دنیا بھر سے نمائش میں شامل ہونے والی کمپنیوں اور وفود کی بھرپور شرکت سے ہمارے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور یہ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016ء کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ ان خیالات کا اظہار کموڈور طاہر جاوید، ڈائریکٹر میڈیا آف ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن وزارت دفاعی پیداوار نے نمائش کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ایکسپو سینٹر کراچی میں کیا۔دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 کی میڈیا بریفنگ کے دوران بریگیڈیئر وحید، ڈائریکٹر کورڈی نیشن، ڈی ای پی او، ارم اعوان ، ایس پی ٹریفک اور ظہیر نصیر، چیف آپریٹنگ آفیسر بدر ایکسپو سلوشنز بھی موجود تھے۔ نمائش کا آغاز 22 نومبر کو ہوگا، جس میں باضابطہ مدعو کئے گئے بیرون ممالک کے سینئر حکام پر مشتمل مندوبین، نمائش میں حصہ لینے والی کمپنیاں، ملکی اور غیر ملکی تجارتی وفود شامل ہیں۔ آئیڈیاز 2016 کا انعقاد ہم سب کے لیے باعث فخر ہے اور یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان دفاعی معیاری پیداوار میں کسی سے پیچھے نہیں ہے۔کموڈور نے مزید بتایا کہ جن ملکوں کے دفاعی مندوبین کو نمائش میں شرکت کے لیے دعوت دی گئی تھی وہاں سے بڑا مثبت جواب ملا ہے۔ اس نمائش میں 90 دفاعی وفود دنیا بھر کے 43 ملکوں کی نمائندگی کریں گے۔ ان میں سے 30 مندوبین اعلیٰ سطح کے ہیں، جن کی سربراہی ان ملکوں کے وزیر دفاع، ڈیفنس سیکریٹریز، چیف ڈیفنس اسٹاف یا حاضر چیفس خود کریں گے۔ اس کے علاوہ 418 کمپنیاں نمائش میں اپنی مصنوعات کو نمایاں کریں گی جن کا تعلق دنیا کے 34 ملکوں سے ہے۔ ان کمپنیوں میں 261 غیر ملکی کمپنیاں اور 157 پاکستانی کمپنیاں شامل ہیں۔ڈی ای پی او کی کامیاب مارکیٹنگ کی وجہ سے اس سال 9 مزید ملک آئیڈیاز میں شرکت کررہے ہیں جن میں لکسمبرگ، ڈنمارک، بیلاروس، پولینڈ، چیک ریپبلک، سوئٹزر لینڈ، بیلجیئم، نائیجیریا اور رومانیہ شامل ہیں۔ ایکسپو سینٹر کی زیادہ تر جگہ مختلف ملکوں کی دفاعی مصنوعات بنانے والی کمپنیوں نے حاصل کرلی ہے۔ ان ملکوں میں ترکی، چین، روس، شمالی امریکا، جنوبی امریکا، یورپ، ایشیا، مشرق بعید وغیرہ شامل ہیں۔ اس بار 8 ہالز، مارکی کی صورت میں فراہم کئے گئے ہیں تاکہ زیادہ تعداد میں کمپنیاں اپنے مصنوعات کو اجاگر کرسکیں۔ڈائریکٹر (میڈیا)، ڈی ای پی او، نے مزید کہا کہ آئیڈیاز نمائش 2016ء میں مقامی طور پر بنائی گئی اہم مصنوعات جن میں اہم جنگی ٹینک الخالد، جے ایف ۔17 تھنڈر فائٹر ایئر کرافٹ، سپر مشاق، K-8 ایئر کرافٹ، تیزرفتار میزائل بوٹس، یو اے ویز اور بکتر بند گاڑیاں ، ملٹری آلات اور ٹیکنالوجی شامل ہیں پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز 2016ء کے دوران دفاعی صنعتی پیداوار میں تعاون بڑھانے کے لیے غیر ملکی وفود، اہم سرکاری حکام، نمائش میں شرکت کرنے والے نمائندگان کے درمیان کئی اہم اعلیٰ سطح اجلاس بھی ہوں گے۔ آئیڈیاز کا ایک اور اہم حصہ انٹرنیشنل ڈیفنس سیمینار بھی ہے جو 22 نومبر کی شام مقامی ہوٹل میں ہوگا۔ اس کے علاوہ نمائش کے ساتھ ساتھ مختلف کانفرنسیں بھی 23-24 نومبر کو ایکسپو سینٹر میں منعقد کی جائیں گی۔ ہم نے ملکی اور غیر ملکی میڈیا کے ذریعے نمائش کی کوریج کے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ موجودہ دور میں میڈیا کا کردار کسی طور پر بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے آئیڈیاز نمائش کو اجاگر کرنے پر میڈیا کا شکریہ بھی ادا کیا کیونکہ آئیڈیاز 2016 میں تقریباً دنیا کے ہر خطے کی نمائندگی موجود ہے اور عالمی سطح پر اس نمائش کی بڑی اہمیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر بڑی تعداد میں میڈیا کی موجودگی آئیڈیاز 2016ء کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔ میڈیا پاکستانی دفاعی صنعت کی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس موقع پر ایس پی ٹریفک ارم اعوان نے میڈیا کو ٹریفک منصوبے اور متبادل انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا جو خاص طور پر آئیڈیاز 2016ء کے دوران عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک روٹس، انتظامات اور متبادل روٹس کے بارے میں پلان کو ایکسپو سینٹر کے ارد گرد نمایاں کیا جائے گا تاکہ عوام کو انتظامات اور روٹس کے بارے میں معلومات حاصل ہوسکیں۔

مزید : کراچی صفحہ اول