شعبہ تعلیم پر 312 ارب 80 کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں‘ اقبال چنڑ

شعبہ تعلیم پر 312 ارب 80 کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں‘ اقبال چنڑ

بہاولپور (بیورورپورٹ)صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے جدید تعلیمی ویژن کو عملی تعبیر دینے کے لئے رواں مالی سال کے دوران تعلیم کے شعبہ کے لئے 312ارب80کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں اور اس تاریخ ساز تعلیمی بجٹ کے تحت 10ہزار پرائمری سکولوں میں پہلی بار نونہالوں کے لئے خصوصی کمرے تعمیر کئے جا رہے ہیں جنہیں early childhood educaion roomsکا نام دیا گیا ہے۔ یہ بات انہوں نے ایک مقامی سکول میں چلڈرن ڈے کے حوالہ سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر پرنسپل (بقیہ نمبر30صفحہ12پر )

سکول صائمہ ثاقب، محمد بخش، بلال بلوچ، سکول اساتذہ، طلبہ اور والدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔صوبائی وزیر ملک محمد اقبال چنڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی چلڈرن ڈے اس امر کا متقاضی ہے کہ وطن عزیز کو علم وفن، تحقیق وترقی، علم وآگاہی کا گہوارا بنانے کے لئے حکومت پنجاب کے تاریخ ساز تعلیمی بجٹ کے مقررہ اہداف کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اساتذہ کرام، والدین اور معاشرے کے باشعور طبقات اپنا کردار مشنری جذبہ سے سرشار ہو کر سرانجام دیں۔صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے خصوصی بچوں کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لئے رواں مالی سال کے بجٹ میں ایک ارب روپے مختص کئے ہیں۔ اس تعلیمی فنڈ کے ذریعہ صوبہ بھر کے 36اضلاع میں خصوصی بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے فاسٹ ٹریک ڈویلپمنٹ پراجیکٹس روبہ عمل ہیں جن کی تکمیل سے خصوصی بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرکے انہیں قومی، معاشی ومعاشرتی دھارے کا حصہ بنایا جا سکے گا جس سے معاشرے میں یکساں ترقی کے نئے عہد کا آغاز ہو گا۔ صوبائی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت دانش سکولوں کے ذریعہ دور دراز علاقوں میں تعلیمی اداروں کا نیٹ ورک پھیلا رہی ہے جس سے معاشی طور پر غریب طلبہ کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر سکول کی پرنسپل صائمہ ثاقب نے صوبائی وزیر کی ہدایت پر 10مستحق بچوں کو مفت تعلیم دینے کا بھی اعلان کیا۔

مزید : ملتان صفحہ آخر