ضرب عضب کے ساتھ ضرب امن کی ضرورت ہے،خرم نواز گنڈا پور

ضرب عضب کے ساتھ ضرب امن کی ضرورت ہے،خرم نواز گنڈا پور

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کی ملک میں امن کی بحالی اور نسل نو کو انتہا پسندی کے چنگل سے چھڑوانے اور امن مہم شامل کرنے کیلئے ضرب امن مہم تیسرے مرحلے میں شامل ہو گئی ہے ۔نوجوانوں تک پیغام امن پہنچانے ،امن مہم میں شامل کرنے اور نوجوانوں کو سفیر امن بنانے کیلئے ملک گیر ضرب امن سائیکل ریلی کراچی مزار قائد سے شروع ہوگئی جو کہ پاکستان کے چاروں صوبوں سے ہوتی ہوئی 16دسمبر پشاور آرمی پبلک اسکول میں اختتام پذیر ہو گی۔کراچی مزار قائد پر ریلی کی روانگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور نے کہا دہشت گردی ،انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے ضرب عضب کے ساتھ ضرب امن کی ضرورت ہے۔پاک فوج ملکی سرحدوں کی حفاظت کیلئے ضرب عضب آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے ایسے حالات میں ہمارا فرض بنتا ہے دہشت گردی اور انتہا پسندی کی نظریاتی ،فکری محاز پر جنگ لڑیں اور اس کے خاتمے کیلئے اپناکردار ادا کریں ۔انھوں نے کہا دہشت گردی انتہا پسندی کا ناسور ہماری ریاست کی بنیادوں کو کھوکھلا کر رہا ہے ۔حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ملک و ملت دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہیں ۔نیشنل ایکشن پلان عملی طور پر معطل ہے اور صرف کراچی ایکشن پلان بن چکا ہے نیشنل ایکشن پلان پر صحیح عمل ہوتا تو سانحہ ماڈل ٹاؤن جیسی دہشت گردی کا کیس اپنے انجام کو پہنچ چکا ہوتا ۔خرم نواز گنڈا پور نے مزید کہا پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کی امن کیلئے کوششیں تمام قومی جماعتوں کیلئے مشعل راہ ہیں ۔پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا جب تک ملک سے نظریاتی طور پر دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہو گا تب تک دہشت گردی کے خاتمہ ایک خواب ہی رہے گا۔ان قائدین نے کہا ہم نسل پرستی،علاقائی ،لسانی ،صوبائی تعصبات کا خاتمہ چاہتے ہیں تاکہ ہم ایک قوم بن کر دہشت گردی جیسے ناسور کا خاتمہ کر سکیں جب تک ہم آپس میں دست و گریباں رہیں گے تو ہماری وحدت پارہ پارہ رہے گی ہم نے ایک پاکستانی قوم بننا ہے تب دشمنان پاکستان کا مقابلہ کر سکتے ہیں ۔ان قائدین نے کہا اس وقت پوری دنیا میں امن اور دہشت گردی کے خلاف جو آواز جرات سے اٹھی وہ آواز ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی ہے جو کئی دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف اسلام اور پاکستان کا مقدمہ لڑ رہے ہیں ہم ضرب امن کارواں کے ذریعے لاکھوں نوجوانوں کو امن مہم کا حصہ بنائیں گے تاکہ اس قوم کا مستقبل محفوظ ہو۔منصور قاسم اعوان نے کہا ہم مطالبہ کرتے ہیں تمام گرفتار دہشت گردوں کو فی الفور پھانسی کے پھندے پر چڑھایا جائے۔ملٹری کورٹس کو عملی کردار ادا کرنے دیا جائے۔انسداد دہشت گردی کے اداروں کو مضبوط کیا جائے ۔نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کیا جائے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر